اسلام آباد: آئندہ مالی سال 20-2019 کے لیے اقتصادی ترقی کا ہدف 4 فیصد مقرر کردیا گیا، زرعی شعبے کی ترقی کا ہدف 2.9 فیصد رکھا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق آئندہ مالی سال 20-2019 کے لیے اقتصادی ترقی کا ہدف 4 فیصد مقرر کیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق زرعی شعبے کی ترقی کا ہدف 2.9 فیصد اور صنعتی ترقی کا ہدف 1 فیصد مقرر کیا گیا ہے۔
اسی طرح آئندہ مالی سال کے لیے خدمات کے شعبے کا ہدف 4.8 فیصد مقرر کیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ مالی سال 19-2018 کے ابتدائی 8 ماہ (جولائی تا فروری) کے دوران تجارتی خسارے میں بھی اضافہ ہوا تھا اور تجارتی خسارہ 21.53 ارب ڈالر کی ریکارڈ سطح تک پہنچ گیا تھا۔
ادارہ بیورو شماریات پاکستان کے مطابق رواں مالی سال کے 8 ماہ میں 15 ارب 11 کروڑ ڈالر کی برآمدات کی گئیں جو گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے میں 14 ارب 83 کروڑ ڈالر کی برآمدات کے مقابلے میں 27 کروڑ 50 لاکھ ڈالر زیادہ رہیں۔
اسی طرح درآمدات میں 6.13 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی۔
اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ مالی سال کے 8 ماہ میں تجارتی خسارہ 24 ارب 19 کروڑ ڈالر تھا جورواں مالی سال کے اسی عرصے میں 21 ارب 52 کروڑ ڈالر کے تجارتی خسارے کے مقابلے میں دو ارب 68 کروڑ ڈالر کم رہا۔