کراچی : ڈی جی رینجرز سندھ نے کراچی چیمبر آف کامرس کے دورے کے موقع پر کہا ہے کہ وارداتوں میں کمی کے باعث معاشی استحکام پیدا ہوا ہے۔
ڈائریکٹر جنرل سندھ رینجرز میجر جنرل افتخار حسن چوہدری نے کراچی چیمبر آف کامرس کا دورہ کیا، جہاں صدر، چیئرمین اور ارکان چیمبر آف کامرس نے ڈی جی رینجرز کا استقبال کیا، اس موقع پر انہوں نے ایسوسی ایشن کے ارکان سے ملاقات کی۔
ڈی جی رینجرز نے اس موقع پر کہا کہ کراچی میں دہشت گردی، ٹارگٹ کلنگ، بھتہ خوری اور اغوا میں نمایاں کمی ہوئی اور وارداتوں میں کمی کے باعث معاشی استحکام پیدا ہوا ہے۔
میجر جنرل افتخار حسن چوہدری نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے امن میں بہتری کے اقدام کر رہے ہیں جس کی وجہ سے صنعت کاروں اور کاروباری افراد کا اعتماد بحال ہوا ہے۔
ڈی جی رینجرز نے امن قائم کرنے والے اداروں اور شہدا کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ امن عوام اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کاوشوں کا مرہون منت ہے۔
انہوں نے چیمبر آف کامرس کے ارکان نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی خدمات کو سراہا، جس پر چیمبر آف کامرس کے ارکان نے بحالی امن میں بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔