معروف انگریزی جریدے دی اکانومسٹ کے انٹیلیجنس یونٹ نے پاکستانی معیشت سے متعلق رپورٹ جاری کر دی جس میں سیاسی عدم استحکام، سکیورٹی اور معاشی کمزوریوں کو بڑا مسئلہ قرار دیا گیا ہے۔
دی اکانومسٹ نے اپنی تازہ رپورٹ میں بتایا کہ مہنگائی اور ٹیکسوں کا بوجھ بڑھنے سے موجودہ حکومت مقبولیت کھو چکی، پاکستان کو چار سال میں 77.5 ارب ڈالر بیرونی قرضہ واپس کرنا ہے۔
روپے کی گراوٹ کے بارے میں رپورٹ میں پیشگوئی کی گئی ہے کہ ڈالر 2023 میں 291 روپے، 2025 میں 302 روپے تک ہو جائے گا جبکہ 2024 سے 2027 کے دوران روپیہ مزید کمزور رہے گا۔
اکانومسٹ رپورٹ کے مطابق شرح سود بھی مزید 2 فیصد بڑھ کر 23 فیصد تک ہو جانے کا امکان ہے، معاشی شرح نمو رواں سال 1.5 فیصد اور اگلے سال منفی 0.2 فیصد ہوگی، رواں سال مہنگائی 30.3 فیصد اور اگلے سال کم ہو کر 20.8 فیصد پر آ جائے گی۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ پاکستان میں بے روزگاری اس سال 9.6 فیصد اور اگلے سال بڑھ کر 9.9 فیصد ہو جائے گی۔ انٹیلیجنس یونٹ نے تجویز دی کہ ڈیفالٹ سے بچنے کے لیے پاکستان کو نیا آئی ایم ایف پروگرام لینا پڑے گا۔
علاوہ ازیں آج وزارت خزانہ نے قرضوں سے متعلق رپورٹ جاری کی ہے جس کے مطابق شرح سود بڑھنے کی وجہ سے قرضوں کا حجم بڑھا، ملک میں شرح سود اور ڈالر کا ایکسچینج ریٹ بڑھنے کی وجہ سے مہنگائی اور قرض دونوں میں اضافہ ہوا۔
رپورٹ میں پیشگوئی کی گئی کہ اس سال ملک میں مہنگائی 28.5 فی صد رہے گی، آئندہ مالی سال مہنگائی کی شرح 21 فیصد رہے گی، پاکستان کا پبلک ڈیبٹ تاحال رسک ہے، 2026 تک قرضہ معیشت کے 70 فیصد سے زائد رہنے کا خدشہ ہے جبکہ 2026 میں مہنگائی بڑھنے کی شرح 6.5 فی صد ہو سکتی ہے، ڈالر کا ایکسچینج ریٹ بھی 6 فی صد مزید بڑھنے کا امکان ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ رواں مالی سال معاشی شرح نمو محض 0.8 فیصد رہنے کا امکان ہے، رواں مالی سال بجٹ میں معاشی ترقی کی شرح 5 فی صد رکھنے کا ہدف تھا۔
جولائی تا دسمبر ڈالر کا ایکسچینج ریٹ 11 فی صد بڑھا، دسمبر 2022 تک پاکستان کا کُل قرضہ 55 ہزار 800 ارب روپے تھا اور اس میں مقامی قرضہ 62.8 فیصد ہے جبکہ غیر ملکی قرضہ 37.2 فی صد ہے۔ رپورٹ کے مطابق جولائی تا دسمبر 3.2 ارب ڈالر کا غیر ملکی قرضہ لیا گیا اور 2.7 ارب ڈالر واپس کیا گیا۔
مالی سال 2024 میں مہنگائی کی شرح 21 فی صد، اور معاشی ترقی کی شرح 3.5 فی صد رہنے کا امکان ہے، 2025 میں مہنگائی کے بڑھنے کی شرح 7.5 فی صد اور معاشی ترقی کی شرح 5 فی صد رہنے کا امکان ہے۔ جب کہ مالی سال 2026 میں معاشی ترقی کی شرح 5.5 فی صد رہے گی۔