کراچی:ا لیکشن کمیشن نے کراچی کے 16 ٹاؤنز کے نتائج کا اعلان کرتے ہوئے نوٹیفکیشن جاری کر دیا جس کے مطابق 16 ٹاؤنز کے چیئرمین اور وائس چیئرمین بلا مقابلہ کامیاب ہوگئے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق 8 ٹاونز میں پیپلز پارٹی سے تعلق رکھنے والے امیدوار کامیاب ہوئے جن میں کیماڑی اور ضلع ملیر کے 3، 3 ٹاؤنز شامل ہیں جبکہ پیپلز پارٹی کے امیدواروں نے لیاری اور منگھوپیر کے ٹاؤنز میں بھی میدان مار لیا۔
نتائج کے مطابق جماعت اسلامی کے امیدوار 6 ٹاؤنز میں بلامقابلہ کامیاب ہوئے۔ ضلع وسطی کے 4 ٹاؤنز جماعت اسلامی کے امیدواروں کے نام رہے جن میں ناظم آباد، نارتھ ناظم آباد، لیاقت آباد اور گلبرگ شامل ہیں۔ ضلع کورنگی کے لانڈھی اور شاہ فیصل ٹاؤن میں جماعت اسلامی کے مخالف کوئی امیدوار نہیں تھا۔
پی ٹی آئی کے امیدوار صدر اور کورنگی ٹاؤن میں بلامقابلہ کامیاب رہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق 15 جون کو باقی 9 ٹاؤنز کے سربراہوں کیلیے الیکشن ہوں گے۔
طارق عزیز بلامقابلہ گڈاپ ٹاؤن میونسپل کارپوریشن کے چیئرمین منتخب، جماعت اسلامی کے عاطف علی بلامقابلہ نارتھ ناظم آباد ٹاؤن کونسل کے چیئرمین منتخب، پیپلز پارٹی کے نذیر احمد بلامقابلہ ابراہیم حیدری ٹاؤن کے چیئرمین منتخب، پیپلز پارٹی کے جان محمد بلوچ بلامقابلہ ملیر ٹاؤن کے چیئرمین منتخب ہوئے۔
جماعت اسلامی کے فراز حسیب لیاقت آباد ٹاؤن، محمد مظفر ناظم آباد ٹاؤن کے چیئرمین منتخب، جماعت اسلامی کے نصرت اللہ گلبرگ ٹاؤن کے بلامقابلہ چیئرمین منتخب، پیپلز پارٹی کے عبدالکریم بلدیہ ٹاؤن اور ہمایوں محمد ماڑی پور ٹاؤن کے بلامقابلہ چیئرمین منتخب جبکہ پیپلز پارٹی کے نواز بروہی بلامقابلہ چیئرمین منگھوپیر ٹاؤن منتخب ہوئے۔