جمعہ, جون 6, 2025
اشتہار

نئے چیف الیکشن کمشنر کی تقرری، وزیر اعظم نے عمر ایوب کو مشاورت کیلیے مدعو کر لیا

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے نئے چیف الیکشن کمشنر اور دو ممبران کی تقرری پر مشاورت کیلیے اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی عمر ایوب کو مدعو کر لیا۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے عمر ایوب کو خط لکھ دیا جس میں انہوں نے اپوزیشن لیڈر سے کہا کہ چیف الیکشن کمشنر اور دو ممبران کی مدت 26 جنوری 2025 کو ختم ہو چکی ہے جبکہ وہ آرٹیکل 215 کے تحت کام جاری رکھے ہوئے ہیں۔

انہوں نے لکھا کہ چیف الیکشن کمشنر اور دو ممبران کیلیے تجاویز پارلیمانی کمیٹی کو ارسال ہونی ہیں لہٰذا مشاورت کیلیے آپ کو ملاقات کی دعوت دیتا ہوں۔

یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی کا نئے چیف الیکشن کمشنر کی تعیناتی جلد کرنے کا مطالبہ

مارچ میں نئے چیف الیکشن کمشنر اور اراکین کی تقرری کیلیے وزیر اعظم شہباز شریف اور اپوزیشن لیڈر عمر ایوب میں مشاورت شروع نہیں ہو سکی تھی۔

ذرائع نے اے آر وائی نیوز کو بتایا تھا کہ چیف الیکشن کمشنر اور اراکین کی تقرری کے معاملے پر اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کو فوری پارلیمانی کمیٹی کے قیام سے بچنے کا مشورہ دیا گیا۔

اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے اسپیکر ایاز صادق کو پارلیمانی کمیٹی کی تشکیل کیلیے خط لکھا تھا جو اسپیکر نے وزارت پارلیمانی امور کو بھجوا دیا، اب وزارت پارلیمانی امور کی رائے آنے کے بعد اسپیکر کمیٹی کے قیام کا حتمی فیصلہ کریں گے۔

ذرائع کے مطابق آرٹیکل 213 ٹو اے کے تحت وزیر اعظم اور اپوزیشن لیڈر میں مشاورت ہی شروع نہیں ہوئی، دونوں کے درمیان چیف الیکشن کمشنر کی تقرری کیلیے مشاورت لازمی تقاضہ ہے۔

قانون ٹیم کی رائے تھی کہ اتفاق رائے نہ ہونے کی صورت میں پارلیمانی کمیٹی کی جانب بڑھا جا سکتا ہے۔

ذرائع کے مطابق چیف الیکشن کمشنر اور دو ممبران کی پانچ سالہ مدت 26 جنوری کو مکمل ہو چکی ہے، مدت مکمل ہونے کے باوجود وہ اپنے فرائض انجام دے رہے ہیں، آئین کے آرٹیکل 215 کے تحت نیا چیف الیکشن کمشنر مقرر ہونے تک موجودہ کام کرتا رہے گا۔

7 فروری 2025 کو اے آر وائی نیوز نے اپنی خصوصی رپورٹ میں بتایا تھا کہ اہم حکومتی اتحادی چیف الیکشن کمشنر کیلیے سابق چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے حامی ہیں تاہم سابق ججز ناصر الملک اور تصدق جیلانی کے ناموں پر بھی غور ہو رہا ہے۔

حکومت اور اپوزیشن نے چیف الیکشن کمشنر اور ممبران کی تقرری پر آپسی مشاورت شروع کی تھی۔ ذرائع نے بتایا تھا کہ حکومت کی جانب سے سی ای سی اور ممبرز کیلیے سابق ججز یا بیوروکریٹس کے نام پر غور کیا جا رہا ہے۔

ذرائع نے کہا تھا کہ (ن) لیگ میں سابق ججز ناصر الملک اور تصدق جیلانی کے ناموں پر بھی غور ہو رہا ہے تاہم (ن) لیگ نام فائنل کرنے کے بعد صدر مملکت آصف علی زرداری اور اتحادیوں سے مشاورت کرے گی۔

اہم ترین

مزید خبریں