اسلام آباد : الیکشن کمیشن نے عام انتخابات کے لئے انتخابی ڈیوٹی کیلیے نجی شعبے سے عملہ لینے پر غور شروع کردیا ، مجموعی طور پر 2 لاکھ 5 ہزار 388 اہلکاروں کی ضرورت ہے۔
تفصیلات کے مطابق الیکشن 2024 کی تیاریوں کے معاملے پر الیکشن کمیشن انتخابی ڈیوٹی کیلیے نجی شعبے سے عملہ لینے پر غور کررہی ہے اور پولنگ اسٹیشنز پر بھی نجی اداروں کے ملازمین کو انتخابی عملے کے طور پر تعینات کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔
سندھ کے مختلف پولنگ اسٹیشنز پر نجی شعبے سے عملہ لینے کی تجویز ہے، انتخابات میں مجموعی طور پر 2 لاکھ 5 ہزار 388 اہلکاروں اور الیکشن ڈیوٹی کے لیے 2 لاکھ 38 ہزار 317 پولنگ اسٹاف کی ضرورت ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ 2 لاکھ 23 ہزار 317 سرکاری محکموں سے لیے جائیں گے تاہم کم پڑنے والا 15 ہزار عملہ نجی شعبے سے پورا کیے جانے کی تجویز ہے۔
یاد رہے الیکشن کمیشن نے انتخابات میں ڈیوٹی کرنے والے افسران کی فہرست تیار کی تھی، پریزائیڈنگ افسران، اسسٹنٹ پریزائیڈنگ افسران اور پولنگ اسٹاف کی فہرست تیار کی گئی تھی، دستاویزات میں بتایا گیا تھا کہ ملک بھر میں مجموعی طور پر 10 لاکھ 7361 افسران کو تعینات کیا جائے گا۔