اسلام آباد: تندور پر الیکشن فارم ملنے کے معاملے میں الیکشن کمیشن آف پاکستان نے اپنی وضاحت جاری کر دی، کمیشن کا کہنا ہے کہ تندور پر ملنے والے فارم اہم نہیں تھے۔
تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ تندور پر ملنے والا ریکارڈ کسی طرح سے بھی حساس اور اہم نہیں تھا۔
الیکشن کمیشن نے واضح کیا کہ مذکورہ فارم الیکشن کےعملے کی تربیت کے لیے استعمال کیے گئے تھے، ٹریننگ میں استعمال شدہ کاغذات فالتو تصور کیے جاتے ہیں۔
ای سی پی کی جانب سے جاری کردہ وضاحت کے مطابق ڈی آر او، آر او اور پولنگ افسران کی تربیت اسکولوں اور کالجوں میں ہوئی، مذکورہ فارم بڑی تعداد میں 400 اسکولوں میں بھجوائے گئے تھے۔
شیخ رشید نے تندور پر روٹیاں لگائیں
کمیشن کا کہنا ہے کہ انتخابات کے سلسلے میں متعلقہ عملے کی تربیت نہ صرف زبانی طور پر کی جاتی ہے بلکہ عملی اور تجرباتی طور پر بھی ان کی ٹریننگ کی جاتی ہے، یہ فارم اسی سلسلے میں جاری کیے جاتے ہیں۔
الیکشن کمیشن نے مزید کہا کہ الیکشن کا تمام حساس پولنگ ریکارڈ اسٹرانگ رومز میں جمع ہے، پاک فوج کی نگرانی میں حساس سامان اسٹرانگ رومز میں جمع کرایا گیا۔