لاہور : کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کو لاہور کے حلقہ این اے ایک سوبیس پر ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی مہنگی پڑگئی، الیکشن کمیشن نے کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کو نوٹس جاری کردیا۔
تفصیلات کے مطابق نااہل نواز شریف کے داماد کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کو ساس صاحبہ کلثوم نواز کی انتخابی مہم مہنگی پڑگئی، الیکشن کمیشن نےنوٹس جاری کردیا۔
کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کو نوٹس ریٹرننگ آفیسر محمد شاہد کی جانب سے جاری کیا گیا، جس میں کہا گیا ہے کہ عوامی عہدہ رکھنے والا کوئی بھی شخص انتخابی مہم نہیں چلاسکتا۔
نوٹس میں تین روز میں جواب دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کو خبر دار کیا گیا ہے کہ مقررہ مدت میں جواب نہ دیا تو ان کے خلاف کارروائی ہوگی۔
دوسری جانب حلقہ این اے ایک سو بیس میں انتیس ہزار چھے سو سات ووٹرز کے فنگر پرنٹس موجود نہیں، الیکش کمیشن نے نادرا سے ڈیٹا طلب کرلیا۔
این اے ایک سو بیس کے ضمنی انتخاب میں الیکشن کمیشن سترہ ستمبر کو پائلٹ پراجیکٹ کے طور پر اکیس پولنگ اسٹیشنوں کے پچاس بوتھ پر بائیومیٹرک سسٹم کے ذریعے ووٹنگ کرائے گا۔
خیال رہے این اے ایک سو بیس کے ضمنی انتخاب میں سابق وزیر اعظم کی اہلیہ کلثوم نواز مسلم لیگ ن کی امیدوار ہیں۔