اسلام آباد:عام انتخابات کا شیڈول آج جاری ہونے کا امکان ہے جبکہ چیف الیکشن کمشنرنے بھی 25جولائی کو انتخابات کی منظوری دے دی۔
تفصیلات کے مطابق عام انتخابات کا شیڈول آج جاری ہونے کا امکان ہے، ایوان صدرکی طرف سےشیڈول سےمتعلق سمری الیکشن کمیشن بھجوادی گئی جبکہ چیف الیکشن کمشنرنے بھی25جولائی کو انتخابات کی منظوری دے دی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کیلئے 8دن رکھے گئےہیں، اس سے قبل7 دن میں کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کی جاتی تھی، سیاسی جماعتوں،امید واروں کوانتخابی مہم کیلئے 28دن دیے گئے ہیں۔
دوسری جانب الیکشن کمیشن نے انتخابی ضابطہ اخلاق کوبھی حتمی شکل دےدی ہے، ضابطہ اخلاق کی کاپی سیاسی جماعتوں کو بھی ارسال کردی گئی ہے اور سیاسی جماعتوں کا مشاورتی اجلاس 31 مئی کو طلب کرلیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ صدر ممنون حسین نے دو ہزار اٹھارہ کے الیکشن کی تاریخ سے متعلق سمری کی منظوری دے دی تھی ، جس کے مطابق عام انتخابات پچیس جولائی کو ہوں گے، قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے لیے ایک ہی دن پولنگ ہوگی۔
خیال رہے کہ پانچ سال دو ماہ چودہ دن بعد ملک میں عام انتخابات ہوں گے، گزشتہ انتخابات گیارہ مئی دوہزار تیرہ کو ہوئے تھے، پیپلزپارٹی کی حکومت کا پانچ سالہ دور مکمل ہونے کے بعد بیس مارچ دو ہزار تیرہ کو وزیراعظم راجہ پرویز اشرف کی سمری پر صدر آصف زرداری نے منظوری دی تھی۔