اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 133 کے ضمنی انتخاب میں ووٹوں کی مبینہ خریدوفروخت کے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے کارروائی کا حکم جاری کردیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) کے ریٹرننگ آفیسر نے ووٹ خریدنے اور قرآن مجید پر حلف لینے کی مبینہ ویڈیو پرکارروائی اور فرانزک رپورٹ پیش کرنے کا حکم جاری کیا۔
ترجمان الیکشن کمیشن آف پاکستان کے مطابق چیئرمین پیمرا، چیئرمین نادرا کو فرانزک انکوائری کرکےحقائق پر مبنی رپورٹ دینے اور ویڈیو میں نظر آنے والے لوگوں کی شناخت کی ہدایت کی گئی ہے۔
الیکشن کمیشن نے ویڈیو میں نظر آنے والے انتخابی دفتر کی نشاندہی اور ووٹ خریداری میں ملوث افراد کی تصدیق کر کے سخت کارروائی کی ہدایت بھی کی ہے۔
مزید پڑھیں: این اے 133: پیپلز پارٹی پر ووٹ خریدنے کا الزام، ن لیگ الیکشن کمیشن پہنچ گئی
ریٹرنگ آفیسر نے تیس نومبر تک تحقیقات مکمل کر کے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی جبکہ ویڈیو کی مناسبت سے مسلم لیگ ن کی امیدوار شائستہ پرویز ملک کو نوٹس جاری کر کے 29 نومبر تک جواب طلب کیا ہے۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان کے ترجمان کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ انتخاب میں کسی قانون کی خلاف ورزی کی اجازت نہیں دی جائے گی اور ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔