اتوار, دسمبر 8, 2024
اشتہار

سینیٹ انتخابات: الیکشن کمیشن نے شیڈول میں تبدیلی اور وقت بڑھانے سے معذرت کر لی

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے شیڈول میں تبدیلی اور وقت بڑھانے سے معذرت کر لی ہے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق ذرائع نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن حکام نے پیپلز پارٹی کے سیکریٹری جنرل نیئر بخاری سے رابطہ کر کے سینیٹ انتخابات کے شیڈول میں تبدیلی اور وقت بڑھانے سے معذرت کر لی ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ الیکشن کمیشن کے حکام کی اس ضمن میں نیئر بخاری سے گفتگو ہوئی ہے، حکام نے کہا کہ وقت بڑھانے کا آپ کا خط موصول ہوا ہے، سینیٹ انتخابات کا شیڈول جاری کر چکے ہیں، اور اس وقت شیڈول میں تبدیلی مشکل ہوگی۔

- Advertisement -

الیکشن کمیشن حکام کا کہنا تھا کہ ممکنہ مشکلات کی صورت میں پیپلز پارٹی سے تعاون کیا جائے گا۔ تاہم نیئر بخاری نے جواب میں کہا ہے کہ انھیں موجودہ شیڈول پر تحفظات ہیں، لہٰذا زبانی جواب کی بجائے تحریری جواب دیا جائے۔

یاد رہے کہ نیئر بخاری نے الیکشن کمیشن کو خط لکھ کر کہا تھا کہ الیکشن کمیشن نے سینیٹ الیکشن پر کاغذات نامزدگی جمع کرانے کے لیے 2 دن کا وقت دیا ہے، کیا 2 روز میں امیدواروں کی جانچ پڑتال اور بینک اکاؤنٹس و دیگر امور طے ہو سکتے ہیں؟ خط میں کہا گیا تھا کہ پی پی جیسی وفاقی جماعت کے لیے کم وقت میں فہرست کو حتمی شکل دینا مشکل ہے، اس لیے چیف الیکشن کمشنر سے استدعا ہے کہ معاملے کو دیکھتے ہوئے مناسب اقدامات کیے جائیں۔

سینیٹ الیکشن کیلئے پولنگ کب ہوگی

پیپلز پارٹی کے ترجمان فیصل کریم کنڈی نے آج سینیٹ الیکشن پر ویڈیو بیان میں مطالبہ کیا ہے کہ الیکشن کمیشن سینیٹ انتخابات کے جاری شیڈول پر نظر ثانی کرے، شیڈول سے امیدواروں، سیاسی جماعتوں کو مشکل کا سامنا ہے، اس سلسلے میں الیکشن کمیشن کی جلد بازی سوالیہ نشان ہے۔

ادھر ذرائع نے کہا ہے کہ سینیٹ امیدواروں کی نیب سے کلیئرنس ہوگی، الیکشن کمیشن فہرست مکمل ہونے کے بعد نیب کو بھجوائے گا، اور دیگر ادارے بھی امیدواروں سے متعلق رپورٹ پیش کریں گے، اور امیدواروں کے خلاف کیسز کی تفصیلات فراہم کی جائے گی، اس سلسلے میں نیب کی جانب سے ٹیمیں بھی تشکیل دے دی گئی ہیں۔

سینیٹ انتخابات کے لیے ای سی نے کاغذات نامزدگی حاصل اور جمع کرانے والوں کی فہرست جاری کر دی ہے، پنجاب سے 62 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی حاصل کیے، 2 امیدواروں پی ٹی آئی کے جمشید اقبال چیمہ اور ق لیگ کے کامل علی آغا نے کاغذات جمع کرائے۔ بلوچستان میں 209 کاغذات نامزدگی جاری کیے گئے، اور کسی امیدوار نے کاغذات جمع نہیں کروائے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں