اسلام آباد : الیکشن کمیشن نے جعلی حلف نامے جمع کرانے پر پی ٹی آئی کے رہنما اور سینئیر وزیر پنجاب علیم خان کے خلاف کارروائی کرنے کا حکم دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) سردار رضا کی سربراہی میں بنچ نے مسلم لیگ ن کی رہنما سردار ایاز صادق کی درخواست پر سماعت کی، الیکشن کمیشن نے سردار ایاز صادق کی درخواست منظور کرتے ہوئے علیم خان کے خلاف سیشن کورٹ میں درخواست دائر کرنے کی ہدایت کر دی۔
درخواست گزار سردار ایاز صادق نے درخواست میں کہا تھا کہ علیم خان پر لاہور کے پرانے حلقے این اے 120 کے انتخاب کوکالعدم قرار دینے کےلئے الیکشن کمیشن میں جعلی حلف نامے جمع کرائے۔
الیکشن کمیشن نے جعلی حلف نامے جمع کرانے پر وزیر بلدیات پنجاب عبدالعلیم خان کے خلاف کارروائی کا حکم دے دیا۔
خیال رہے نومبر 2015 میں الیکشن کمیشن میں تحریک انصاف کے امیدوار علیم خان کی جانب سے سلمان راجہ ایڈووکیٹ کی توسط سے 800 صفحات پر مشتمل پٹیشن جمع کروائی گئی تھی، جس میں کہا گیا تھا کہ ضمنی انتخابات سے قبل 30 ہزار 500 ووٹ ٹرانسفر یا منسوخ کیے گئے لہذا انتخابات کو کالعدم قرار دیا جائے۔
الیکشن کمیشن نے اس پٹیشن کا فیصلہ یکم فروری 2016 کو سناتے ہوئے انتخابات کالعدم قرار دینے کے حوالے سے علیم خان کی درخواست مسترد کردی تھی اور فیصلے میں کہا تھا کہ درخواست گزار علیم خان کی جانب سے چند ووٹروں کے غلط بیان حلفی جمع کروائے گئے، جس پر کمیشن درخواست گزار کے خلاف کارروائی کا حق رکھتا ہے۔
یاد رہے کہ 2013 کے عام انتخابات میں قومی اسمبلی کے حلقے این اے 122 سے حکمران جماعت مسلم لیگ (ن) کے سردار ایاز صادق کامیاب قرار پائے تھے، جن کی کامیابی کو ان کے مخالف امیدوار چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے چیلنج کیا تھا۔
واضح رہے کہ قومی احتساب بیورو تحریک انصاف کے رہنما علیم خان سے آف شور کمپنیوں سے متعلق تحقیقات کر رہی ہے، اس سلسلے میں انھیں تین بار طلب بھی کیا جا چکا ہے