اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے وفاقی حکام کو تمام صوبوں میں چیف سیکریٹریز اور آئی جیز کی تبدیلی کا حکم جاری کردیا۔
تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان نے اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کو احکامات جاری کیے ہیں کہ کل تک نئے چیف سیکریٹریز اور نئے پولیس چیفس کی تقرری عمل میں لائی جائے۔
چیف سیکریٹریز اور آئی جیز کے ناموں پر غور کے لیے کل نگراں وفاقی کابینہ کا اجلاس بھی طلب کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، اس سلسلے میں نئے آئی جی سندھ کے لیے نگراں حکومت نے وفاق کو شعیب دستگیر، اقبال محمود اور امجد سلیمی کے نام بھجوا دیئے ہیں۔
تقرری کے بعد نئے چیف سیکریٹریز اور پولیس چیفس الیکشن کمیشن کی طرف سے منعقد ہونے والے 14 جون کے اجلاس میں شرکت کریں گے۔ جمعرات کو اسلام آباد میں ہونے والے اس اہم اجلاس میں انتخابات کے لیے سیکورٹی انتظامات کا جائزہ لیا جائے گا۔
قبل ازیں نگراں وزیر اعظم جسٹس (ر) ناصر الملک نے چیف الیکشن کمشنر سردار محمد رضا کے ساتھ اسلام آباد میں ملاقات کی، ملاقات میں انتخابات سے متعلق مختلف امور پر بات چیت کی گئی۔
الیکشن کمیشن نے عام انتخابات کے لیے مانیٹرنگ ٹیمیں تشکیل دے دیں
وزیر اعظم نے کہا کہ عبوری حکومت شیڈول کے مطابق ملک میں عام انتخابات کے پُر امن اور شفاف انعقاد کے سلسلے میں الیکشن کمیشن کو ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔
واضح رہے کہ یکم جون کو حلف اٹھانے کے بعد نگراں وزیر اعظم نے صحافیوں کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ حکومت انتخابات کے بروقت اور شفاف طریقے سے انعقاد کو یقینی بنائے گی۔
خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔