اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے ہارون بلور کی شہادت کے بعد صوبائی اسمبلی کے حلقے پی کے 78 پر انتخابات ملتوی کردیے، ضمنی الیکشن کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق پشاور کے علاقے یکہ توت میں گزشتہ روز عوامی نیشنل پارٹی کی کارنر مٹینگ میں خودکش دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں پی کے 78 پر اے این پی کے ٹکٹ پر الیکشن لڑنے والے امیدوار بشیر بلور سمیت 21 افراد شہید ہوئے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق صوبائی اسمبلی کے حلقے پی کے 78 (پشاور-13) پر 25 جولائی کو عام انتخابات کے ساتھ ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال نہیں کرسکیں گے، ضمنی الیکشن کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔
مزید پڑھیں: ہارون بلور کی شہادت پر آرمی چیف کی مذمت و تعزیت
یہ بھی پڑھیں: امریکا کی پشاور خودکش دھماکے کی شدید مذمت
واضح رہے کہ ہارون بلور کے والد بشیر بلور بھی اسی حلقے سے 2013 کے انتخابات لڑ رہے تھے کہ انہیں 2012 میں دہشت گردی کا نشانہ بنایا گیا تھا، قصہ خوانی بازار میں ہونے والے دھماکے میں اے این پی کے رہنما سمیت 19 افراد شہید ہوئے تھے۔
گزشتہ روز یکہ توت میں عوامی نیشنل پارٹی کی جانب سے انتخابی مہم کے سلسلے میں کارنر مٹینگ کا انعقاد کیا گیا تھا جس میں کارکنان اور حلقے کے عوام شریک تھے، امیدوار ہارون بلور جیسے ہی مرکزی دروازے سے داخل ہوئے تو پنڈال میں زور دار دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں وہ شہید ہوئے جبکہ 75 سے زائد افراد زخمی ہوئے تھے۔