بدھ, جولائی 2, 2025
اشتہار

الیکشن کمیشن نے پنجاب حکومت کا بلدیاتی انتخابات کے التوا کا عذر مسترد کر دیا

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے پنجاب حکومت کا بلدیاتی انتخابات کے التوا کا عذر مسترد کر دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق بدھ کو چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی زیر صدارت اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں پنجاب کی لوکل گورنمنٹ کے سیکریٹری نے اجلاس کو بریفنگ دی۔

سیکریٹری نے بتایا کہ حکومت پنجاب فی الحال بلدیاتی الیکشن کی تاریخ دینے سے قاصر ہے، کرونا وبا کے پھیلاؤ کے باعث مشکلات در پیش ہیں۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے اس عذر پر برہمی کا اظہار کیا گیا، اور بلدیاتی انتخابات کے التوا کے عذر کو مسترد کر دیا گیا، چیف الیکشن کمشنر نے کہا پنجاب حکومت لوکل گورنمنٹ الیکشن کے انعقاد میں سنجیدہ نہیں۔

الیکشن کمیشن نے کہا کہ 10 جنوری تک ویلج اور نیبرہوڈ کونسلرز کے ناموں کی اشاعت کی جائے، جس پر سیکریٹری لوکل گورنمنٹ نے الیکشن کمیشن کو عمل درآمد کی یقین دہانی کرا دی، تاہم پنجاب حکومت نے بلدیاتی انتخابات کی تاریخوں کے حوالے سے مہلت مانگ لی۔

الیکشن کمیشن نے ہدایت کی کہ 15 دن کے اندر پنجاب حکومت انتخابات کی تاریخوں سے آگاہ کرے، اس ضمن میں کمیشن کا آئندہ مشاورتی اجلاس 15 دن کے بعد طلب کیا گیا۔

اجلاس میں فارن فنڈنگ کمیٹی نے کیسز کے حوالے سے بھی الیکشن کمیشن کو بریف کیا، الیکشن کمیشن نے اسکروٹنی کے عمل میں تاخیر پر تشویش کا اظہار کیا، بریفنگ میں کہا گیا کہ فریقین کے وکلا میٹنگز میں دیر سے آتے ہیں اور کم وقت دیتے ہیں۔

الیکشن کمیشن نے ہدایت کی کہ کمیٹی ہر ہفتے 3 دن کام کرے، اور اسکروٹنی کا کام جلد از جلد مکمل کرے، دریں اثنا، اجلاس کو ووٹر لسٹوں میں موجود صنفی فرق کے حوالے سے بھی آگاہ کیا گیا، بتایا گیا کہ انتخابی فہرستوں میں صنفی فرق 11.7 فی صد تھا، 2020 میں کم ہو کر 10.7 فی صد رہ گیا ہے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں