اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ملی مسلم لیگ کی رجسٹریشن کی درخواست مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ پہلے وزارت داخلہ کے اعتراضات دور کیے جائیں۔
تفصیلات کے مطابق چیف الیکشن کمشنر جسٹس ریٹائرڈ سردار رضا خان کی سربراہی میں الیکشن کمیشن کے 4 رکنی بینچ نے ملی مسلم لیگ کی رجسٹریشن سے متعلق کیس کی سماعت کی۔
الیکشن کمیشن میں سماعت کے دوران ملی مسلم لیگ کے وکیل راجہ عبدالرحمٰن پیش ہوئے سماعت کے دوران چیف الیکشن کمشنر نے استفسار کیا کہ کیا آپ کی جماعت سے متعلق وزارت داخلہ کا خط آپ کے علم میں ہے؟۔
ملی مسلم لیگ کے وکیل نے جواب دیا کہ وزارت داخلہ نے پارٹی کی رجسٹریشن کی مخالفت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے سیاسی جماعت کی رجسٹریشن سے متعلق تمام قانونی تقاضے پورے کیےہیں ہمارے پارٹی عہدیدار کسی کالعدم تنظیم کے رکن نہیں۔
چیف الیکشن کمشنرنے کہا کہ وزارت داخلہ کے خط سے تو لگتا ہے کہ آپ کی جماعت کا تعلق کالعدم جماعت سے ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزارت داخلہ کےاعتراضات سنجیدہ نوعیت کے ہیں، وزارت داخلہ سے کلیئرنس کے بعدرجوع کیا جائے۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ملی مسلم لیگ کی رجسٹریشن پر مختصر فیصلہ سناتے ہوئے پارٹی کی رجسٹریشن کی درخواست مسترد کردی۔
واضح رہے کہ گزشتہ ماہ وزارت داخلہ نے الیکشن کمیشن آف پاکستان کو ملی مسلم لیگ پر پابندی لگانے کی تجویز دی تھی۔