اسلام آباد: پی ٹی آئی سینیٹر فیصل واؤڈا کی نااہلی سے متعلق درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں تین رکنی کمیشن نے سماعت مکمل ہونے کے بعد فیصلہ محفوظ کیا، گزشتہ سماعت کے دوران فیصل واؤڈا نے تحریری دلائل جمع کرانے کی مہلت مانگی تھی۔
سماعت کے بعد الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فیصل واؤڈا نے کہا کہ ہم نے تمام ثبوت الیکشن کمیشن میں جمع کرا دیئے ہیں، ہم سے جو سوال کیے گئے ان کے جواب زبانی بھی دیئے اور تحریری جوابات بھی جمع کرائے۔
پی ٹی آئی سینیٹر کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن ٹرائل کورٹ ہے یا نہیں، مگر ہم اس پر گئے تھے، فیصلہ الیکشن کمیشن پر ہے کہ وہ کب کرتا ہے؟ الیکشن کمیشن نے انصاف کے تقاضے پورے کیے۔
یہ بھی پڑھیں: فیصل واؤڈا نے اپنے خلاف شائع ہونے والی خبر پر خاموشی توڑ دی
انہوں نے کہا کہ درخواست گزاروں نے مختلف بہانے بنائے، ہم نے الیکشن سے قبل تمام قانونی تقاضے پورے کیے، الیکشن کمیشن کو مطمئن کیا ہے۔
فیصل واؤڈا نے بتایا کہ الیکشن کمیشن نے میری اپوزیشن سے پوچھا اتنےفورم تھے وہاں کیوں نہیں گئے؟ سوال پر سب گم صم تھے، کسی نےکہا طبیعت خراب تھی تو کسی نےکہا جوتے گھس گئےہیں۔
دوسری جانب پیپلز پارٹی کے رہنما قادر مندوخیل کا کہنا ہے کہ امید ہے فیصل واوڈا نااہل ہوجائیں گے، ان کی سینیٹ کی نشست بھی پی پی کے پاس ہوگی۔