اسلام آباد : الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ایم کیو ایم پاکستان کی کنونیرشپ سے متعلق فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ فاروق ستار متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کےکنوینر نہیں رہے۔
تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ایم کیو ایم پاکستان کی کنونیرشپ کے کیس کا محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے فاروق ستار کو ایم کیو ایم پاکستان کی کنوینرشپ سے ہٹا دیا۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان نے فاروق ستار کے اعتراضات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن کنوینرشپ سے متعلق سماعت کا اختیار رکھتا ہے جبکہ فاروق ستار کی جانب سے کرائے جانے والے انٹرا پارٹی انتخابات کو بھی کالعدم قرار دے دیا۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان نے خالد مقبول صدیقی اور کنورنوید جمیل کی درخواستیں منظورکرلیں۔
فاروق ستار کو ہٹانے کے لیے ایم کیو ایم بہادرآباد کے رہنما کنورنوید جمیل اور خالدمقبول صدیقی نے درخواستیں دائر کی تھیں۔
خیال رہے کہ یکم مارچ کو متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کی سربراہی کے معاملے پرفاروق ستار نے الیکشن کمیشن آف پاکستان کا دائرہ اختیار چیلنج کیا تھا۔
ایم کیوایم رابطہ کمیٹی نے فاروق ستارکو کنونیئرکے عہدے سے ہٹا دیا
یاد رہے کہ گزشتہ ماہ 11 فروری کوایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی نے فاروق ستار کو کنونیئر شپ کے عہدے سے ہٹا دیا تھا، کنور نوید کا کہنا تھا کہ پارٹی نے فیصلہ بہت مجبوری میں کیا، فاروق ستاراب ایم کیوایم کے کارکن ہیں۔
خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔