تازہ ترین

الیکشن کمیشن نے وزیر اعطم کو شوکاز نوٹس بھیج دیا

اسلام آباد: مسلم لیگ (ن) میں انٹرا پارٹی الیکشن نہ کرانے پر الیکشن کمیشن نے وزیر اعظم شہباز شریف کو شوکاز نوٹس بھیج دیا ہے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق الیکشن کمیشن کی جانب سے بھیجے گئے شوکاز نوٹس میں کہا گیا ہے کہ کیوں نہ پارٹی نشان کے حصول کے لیے پارٹی کو نااہل  قرار دیا جائے۔  مسلم لیگ (ن) کی انٹراپارٹی الیکشن کرانے کی مقررہ تاریخ 13 مارچ 2022 تھی۔

الیکشن کمیشن نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی درخواست  پر 14 مئی تک انٹرا پارٹی  الیکشن کی آخری تاریخ  دی گئی تھی، ن لیگ نے الیکشن کمیشن  کو انٹرا پارٹی الیکشن  کرانے کا سرٹیفکیٹ مہیا نہیں کیا۔

خیال رہے کہ گزشتہ سال 11 ستمبر کو الیکشن کمیشن نے تمام سیاسی جماعتوں کو بروقت انٹرا پارٹی انتخابات کروانے کی ہدایت جاری کی تھی۔

الیکشن کمیشن نے  تمام سیاسی جماعتوں کے سربراہان کو بھیجے گئے مراسلے میں کہا تھا کہ مشاہدے میں آیا ہے کہ سیاسی جماعتیں بروقت پارٹی الیکشن نہیں کراتیں۔

الیکشن کمیشن کا کہنا تھا کہ بروقت پارٹی الیکشن نہ کرانا قانون اور جماعتی دستور کی خلاف ورزی ہے، وقت گزرنے پر الیکشن کمیشن سے مہلت لینے کی درخواستیں کی جاتی ہیں، تمام سیاسی جماعتیں اپنے مقررہ وقت کے اندر انٹراپارٹی انتخابات کو یقینی بنائیں۔

Comments