اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے گوشوارے جمع نہ کرانے پر 318 اراکین قومی و صوبائی اسمبلی اور سینیٹرز کی رکنیت معطل کر دی۔
تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن کی جانب سے اثاثوں کی تفصیلات جمع نہ کرانے والے اراکین اسمبلی اور سینیٹرز کی رکنیت معطل کر دی گئی۔
الیکشن کمیشن نے قومی اسمبلی کے 70 اور سینیٹ کے 12 اراکین کی رکنیت، 115 ممبران پنجاب اسمبلی، 60 ممبران خیبرپختونخوا اسمبلی، 40 ممبران سندھ اسمبلی اور 21 ممبران بلوچستان اسمبلی کی رکنیت معطل کی۔
الیکشن کمیشن کے مطابق 1195 اراکین پارلیمنٹ میں سے 876 اراکین نے گوشوارے جمع کرائے، 318اراکین کی رکنیت معطل کی گئی ۔الیکشن کمیشن نے چیئرمین سینیٹ، قومی وصوبائی اسمبلیوں کے اسپیکرز کو آگاہ کر دیا۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے جن اراکین کی رکنیت معطل ہوئی ان میں وفاقی وزیر قانون فروغ نسیم، فرخ حبیب، برجیس طاہر، زرتاج گل، عامرلیاقت، پرویز اشرف، نور الحق قادری، عامرکیانی سمیت دیگر بھی شامل ہیں۔
یاد رہے کہ دو روز قبل الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو گوشواروں میں تضاد 15 روز میں دور کرنے کی ہدایت کی تھی۔