اسلام آباد :الیکشن کمیشن آف پاکستان مریم نواز کی بطور نائب صدر تقرری کے فیصلے کیخلاف تحریک انصاف کی درخواست پر سماعت 27 مئی کو کرے گا، درخواست میں مریم نواز کی بطور نائب صدر تقرری کے نون لیگی فیصلے کو آئین و قانون سے متصادم قرار دیا گیا تھا۔
تفصیلات کے مطابق مریم نواز کو پارٹی عہدہ دئیے جانے کے معاملے پر الیکشن کمیشن نے پاکستان تحرک انصاف کی درخواست ابتدائی سماعت کے لیے منظور کرلی۔
الیکشن کمیشن مریم نواز کیخلاف تحریک انصاف کی درخواست پر 27 مئی کو سماعت کرے گا۔
درخواست تحریک انصاف کے اراکین قومی اسمبلی کی جانب سے دائر کی گئی تھی، جس میں بیرسٹر ملیکہ بخاری، میاں فرخ حبیب، جویریہ ظفر اور کنول شوذب درخواست گزاروں میں شامل تھے ۔
مزید پڑھیں : پی ٹی آئی نے مریم نواز کو ن لیگ کا نائب صدر بنانے کا فیصلہ چیلنج کردیا
درخواست میں کہا گیا تھا کہ مریم نواز احتساب عدالت سے سزا یافتہ ہیں، احتساب عدالت نے ان کو عوامی عہدے کیلئے نااہل قرار دیا، پارٹی عہدہ نجی حیثیت کا حامل نہیں ہوتا۔
درخواست میں مریم نواز کی بطور نائب صدر تقرری کے نون لیگی فیصلے کو آئین و قانون سے متصادم قرار دیا گیا تھا۔
یاد رہے پاکستان مسلم لیگ ن کی تنظیم نو کے تحت پارٹی عہدے داروں کا اعلان کیا تھا، جس کے مطابق سابق وزیر اعظم نواز شریف کی صاحب زادی مریم نواز پارٹی کا نائب صدر مقرر کیا گیا تھا جبکہ سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی مسلم لیگ ن کے سینئر نائب صدر ہوں گے۔
بعد ازاں شاہ محمودقریشی نے مریم نواز کو پارٹی عہدہ ملنے کے معاملے کو ہر سطح اٹھانے کا فیصلہ کرتے ہوئے کہا تھا عدالت سےسزایافتہ کوپارٹی عہدہ نہیں دیا جا سکتا ہے، مریم نواز کو سزا معطلی کا عارضی ریلیف ملا ہے، سزا برقرار ہے۔