کراچی: محکمہ داخلہ سندھ نے محکمہ اسکول و کالجز کو کہا ہے کہ محکمہ تعلیم کی بھرتیوں کے امتحانات میں امیدواروں کی بڑی تعداد سے کورونا پھیلنے کا خدشہ ہے، امتحانات کو فوری ملتوی کیا جائے۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ داخلہ سندھ نے محکمہ اسکول و کالجز کو خط لکھا ، جس میں کہا ہے کہ عالمی وبا کورونا وائرس کی روک تھام کے لئےعوامی اجتماعات پرپابندی عائد کرے۔
محکمہ داخلہ سندھ نے کہا ہے کہ سندھ پبلک سروس کمیشن کےتحت بھرتیوں کےٹیسٹ ہوناہیں، امیدواروں کی بڑی تعداد سے کورونا پھیلنے کا خدشہ ہے، محکمہ تعلیم کی بھرتیوں کے امتحانات کو فوری ملتوی کیا جائے۔
خط میں کہا گیا کہ بھرتیوں کا ٹیسٹ لینا لازم ہے تو حیاتیاتی تحفظ و احتیاطی تدابیر اختیار کی جائیں۔
خیال رہے پاکستان میں کوروناوائرس کی تیسری لہر تیزی سے شہریوں کواپنی لپیٹ میں لینے لگی ہے اورکوروناکیسز مثبت آنے کی شرح سات اعشاریہ آٹھ سات تک پہنچ گئی ہے۔
گزشتہ روزایک ماہ کے دوران سب سے زیادہ 3 ہزار 495 کیسز رپورٹ ہوئےاور کورونا سے 61 افراد چل بسے، جس کے بعد جاں بحق افراد کی تعداد تیرہ ہزارسات سوسترہ ہوگئی۔