کراچی: قومی ادارہ احتساب (نیب) کو رضا کارانہ طور پر رقم کی واپسی کے معاملے پر محکمہ تعلیم سندھ نے بڑا قدم اٹھا لیا، رضا کارانہ طور پر رقم واپس کرنے والے اساتذہ کا تمام ریکارڈ طلب کر لیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق سندھ بھر سے رضا کارانہ طور پر رقم واپس کرنے والے اساتذہ کا تمام ریکارڈ طلب کر لیا گیا۔
محکمہ تعلیم سندھ نے تمام اضلاع کے ایجوکیشن افسران کو ہنگامی مراسلہ ارسال کیا ہے جس میں تحریر ہے کہ ان تمام ٹیچرز کی مکمل معلومات فراہم کی جائیں جنہوں نے رضا کارانہ رقم کی واپسی کی اسکیم سے فائدہ اٹھایا۔
مراسلے میں کہا گیا ہے کہ تمام ڈسٹرکٹ ایجوکیشن افسران اپنے اپنے اضلاع کے ٹیچرز کا معلوماتی پرفارمہ 2 دن میں فراہم کریں، کن ٹیچرز نے رضا کارانہ طور پر رقم کی ادائیگی کی اور اس کی کیا تفصیلات ہیں تمام معلومات فراہم کی جائیں۔
مراسلے میں کہا گیا ہے کہ عدالت کی جانب سے ایسے افراد کے خلاف کارروائی کی ہدایت ہے، ایسے ٹیچرز کے خلاف ہائیکورٹ میں 30 روز میں رپورٹ جمع کروانی ضروری ہے۔
مراسلے میں کہا گیا ہے کہ ایسے ٹیچرز کے خلاف ڈسپلنری ڈپارٹمنٹل کارروائی بھی کی جائے، کارروائی ترجیحی بنیادوں پر عمل میں لائی جائے۔
محکمہ تعلیم کی جانب سے ہدایت کی گئی ہے کہ 2 روز میں رپورٹ مکمل کر کے فوری فراہم کی جائے۔