اسلام آباد : وزارت تعلیم نے بغیر امتحانات پروموٹ کرنے سے متعلق تعلیمی بورڈز سے سفارشات طلب کرلیں، وفاقی وزیرتعلیم شفقت محمود نے کہا ہے کہ ملک بھرمیں کسی بورڈ کا امتحان نہیں ہوگا، ریپیٹ کرنے والے اور پرائیوٹ طلبا کے حوالے سے جمعہ تک فیصلہ کیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کی زیر صدارت وزارت تعلیم میں اہم اجلاس ہوا ، جس میں طلبا کو بغیر امتحانات پروموٹ کر نے سے متعلق غور کیا گیا ، تمام بورڈز کے چیئرمینوں بذریعہ ویڈیو لنک اجلاس میں شرکت کی۔
وزارت تعلیم نے بورڈز سے سفارشات طلب کرلیں ، تعلیمی بورڈز نے سفارشات دینے کیلئے وقت مانگ لیا ، جمعہ تک تمام سفارشات کو مکمل کرکے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے
وفاقی وزیرتعلیم شفقت محمود کا کہنا ہے کہ جمعہ تک تمام امور پر جامع اعلان کردیا جائے گا۔
اس سے قبل وفاقی وزیرتعلیم شفقت محمود نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں کہا کورونا لاک ڈاؤن کی وجہ سے ملک بھرمیں کسی بورڈ کا امتحان نہیں ہوگا، امتحانات نہ لیے جانے پر کوئی کنفیوژن نہیں۔
شفقت محمود نے کہا کہ امتحانات نہیں ہوں گے ، طلبا پروموٹ ہوجائیں گے ، ریپیٹ کرنےوالے اور پرائیوٹ طلبا کے حوالےسے جمعہ تک فیصلہ کیا جائے گا۔
All Board exams are cancelled. No confusion on that. 80% students have no issues. There are some categories like repeaters or improvers and private students and some others whose issues need to be addressed and will be by Friday https://t.co/Mnwy1Nrgx7
— Shafqat Mahmood (@Shafqat_Mahmood) May 11, 2020
خیال رہے وزیر تعلیم سندھ سعید غنی نے کہا تھا کہ سندھ میں میٹرک اور انٹر کے سالانہ امتحانات ہونے یا نا ہونے کا فیصلہ محکمہ تعلیم سندھ کی اسٹیرنگ کمیٹی کرے گی۔
یاد رہے وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے کہا تھا اسکول اورتعلیمی ادارے15 جولائی تک بند رہیں گے، تمام بورڈزکے امتحانات منسوخ کردیے ہیں، پروموشن ہوگی۔
شفقت محمود کا کہنا تھا کہ پروموشن گزشتہ سال کےنتائج کی بنیادپردی جائےگی جبکہ جامعات میں داخلےگیارہویں جماعت کے نتائج کی بنیاد پر دیے جائیں گے۔