لاہور: حکومتِ پنجاب نے صوبے کے ٹیکس فری بجٹ 25-2024 میں شعبہ تعلیم کیلیے فنڈز میں اضافہ کرتے ہوئے اس کیلیے 669 اعشاریہ 7 ارب روپے مختص کیے۔
گزشتہ روز پنجاب اسمبلی میں وزیر خزانہ مجتبیٰ شجاع الرحمان نے بجٹ 25-2024 پیش کیا جس کا کُل حجم 5446 ارب روپے ہے۔
بجٹ دستاویز کے مطابق بجٹ میں وزیر اعلیٰ لیپ ٹاپ پروگرام کیلیے 6 ارب روپے مختص کیے گئے جس کا کُل تخمینہ 10 ارب روپے ہے۔
اس کے علاوہ نیشنل یونیورسٹی مری کے قیام کیلیے 500 ملین روپے رکھے گئے جس کا کُل تخمینہ 1 ارب روپے ہے اور اسکولوں میں خوراک کی فراہمی کے پروگرام کیلیے 500 ملین روپے مختص کیے گئے جبکہ اس کا کُل تخمینہ 1 ارب روپے ہے۔
صوبائی حکومت نے بجٹ میں انڈر گریجویٹ اسکالرشپ پروگرام کیلیے 2 اعشاریہ 2 ارپے جبکہ پی ای ایف کے توسط سے اسکول ایجوکیشن کی فراہمی کے نئے اقدامات کیلیے 26 اعشاریہ 3 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔