تازہ ترین

’اب کوئی راستہ نہیں بچا، ساری امیدیں سپریم کورٹ سے ہیں‘

سابق وزیر اعظم اور چیئرمین پی ٹی آئی عمران...

صدر مملکت نے الیکشن کے حوالے سے وزیر اعظم کو خط لکھ دیا

اسلام آباد: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے وزیر...

چین نے پاکستان کا 2 ارب ڈالر کا قرض رول اوور کر دیا

پاکستانی معیشت کے لیے چین سے اچھی خبر آگئی...

اٹارنی جنرل آف پاکستان بیرسٹر شہزاد عطا الہٰی مستعفی

اٹارنی جنرل آف پاکستان بیرسٹر شہزاد عطا الہٰی نے...

پاکستان کا امریکی نمائندے خصوصی زلمے خلیل زاد کے بیانات پر ردِعمل

اسلام آباد : پاکستان نے امریکی نمائندے خصوصی زلمے...

مصر کا ’’آبادی کے بم‘‘ پر قابو پانے کیلیے بڑا اعلان

مصر کی حکومت نے ملک میں آبادی کے اضافے پر قابو پانے کے لیے دو یا اس سے کم بچوں والی خواتین کے لیے سالانہ بنیاد پر مالی مراعات کا اعلان کیا ہے۔

عرب میڈیا کے مطابق مصر کی حکومت نے ملک میں آبادی کے اضافے پر قابو پانے کے لیے دو یا اس سے کم بچوں والی خواتین کے لیے مالی مراعات کا اعلان کیا ہے جس کے تحت انہیں سالانہ ایک ہزار مصری پاؤنڈ (32 امریکی ڈالر) دیے جائیں گے۔ اس پالیسی میں 21 سے 45 سال تک کی خواتین کو شامل کیا گیا ہے تاہم اسکیم سے فائدہ حاصل کرنے کیلیے حکومت کی مقرر کردہ شرائط پر پورا اترنا لازمی ہوگا۔

رپورٹ کے مطابق حکومت کے اس منصوبے کے تحت وہ خواتین جن کے بچوں کی تعداد دو یا اس سے کم ہے وہ مائیں 45 سال کی عمر میں اپنی تمام جمع شدہ رقم وصول کرسکیں گی تاہم اس کے لیے منصوبے کی تمام شرائط پورا کرنا اور اس پر متواتر عمل اہلیت کا معیار ہوگا۔

مصر میں منصوبہ بندی و اقتصادی ترقی کی وزیر ہالا السید نے اس منصوبے کے بارے میں تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ اس منصوبے کا مقصد آبادی میں اضافے پر قابو پانا اور آبادیاتی خصوصیات کو بڑھا کر مصری شہریوں کے معیار زندگی کو بہتر بنانا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ اس اسکیم میں 21 سے 45 سال کی خواتین کو شامل کیا گیا ہے اور دو یا اس سے کم بچوں والی ہر شادی شدہ عورت کے لیے جمع شدہ رقم کا حساب اس کی عمر کی بنیاد پر کیا جائے گا جب سے وہ اس پروگرام میں شامل ہوئی ہوں گی۔ تاہم اگر کوئی خاتون تیسرے بچے کی خواہش رکھتی ہے تو ان کا کسی بھی طرح اس رقم کے لیے دعویٰ کرنے کا حق نہیں رہےگا۔

وزیر منصوبہ بندی نے مزید کہا ہے کہ ہماری حکمت عملی میں ملک کی آبادی میں اضافے کو روکنے کے لیے مصری خواتین کو مالی مراعات فراہم کرنا اور دوسرا اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ ہر خاتون اور ہر بچے کو ترقی اور انسانی وقار کو فروغ دینے کے لیے صحت، تعلیم اور اقتصادی خدمات کا جامع پیکج ملے۔

مصر کے وزیراعظم مصطفیٰ مدبولی نے کہا ہے کہ صدر عبدالفتاح السیسی کی جانب سے فروری 2022 میں شروع کیے گئے مصری خاندان کی ترقی کے قومی منصوبے کا مقصد آبادی میں اضافے کو کنٹرول کرنے کے علاوہ عوام کے لیے تعلیم، صحت اور ملازمت کے مواقع کو بہتر بنانا ہے۔

اس سے قبل مصری صدر عبدالفتاح السیسی خبردار کرچکے ہیں کہ اگر آبادی میں اضافے کی موجودہ شرح جاری رہی تو مصر کی آبادی 2020 میں 101.5 ملین سے بڑھ کر 2030 تک 150 ملین اور 2050 تک 193-194 ملین تک پہنچ جائے گی۔

تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق مصر کی مجموعی آبادی 10 کروڑ 45 لاکھ سے زائد نفوس پر مشتمل ہے اور قاہرہ ریجن آبادی کے لحاظ سے پہلے نمبر پر ہے۔ دنیا کے نقشے پر آبادی کے لحاظ سے 14 ویں نمبر پر موجود یہ ملک افریقہ کی آبادی کا تقریباً 7.3 فیصد اور دنیا کی آبادی کا 1.3 فیصد ہے۔

Comments