قاہرہ : مصر میں سیاحوں کی کشتی کو خوفناک حادثہ پیش آیا ہے بحر احمر میں ڈوبنے والی لگژری کشتی میں امریکی اور برطانوی سیاحوں سمیت 31 افراد اور عملے کے 14 ارکان سوار تھے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق "سی اسٹوری” نامی لگژری کشتی قصبے مارسا عالم میں بحر احمر کے ساحل پر حادثے کا شکار ہوئی، کشتی "سی اسٹوری” 45 افراد کو لے کر جا رہی تھی۔
کشتی حادثے کی اطلاع ملتے ہی کوسٹ گارڈ کے عملے نے فوری کارروائی کرتے ہوئے 28افراد کو ڈوبنے سے بچالیا، ڈوبنے والے 17دیگر افراد کی تلاش کا کام جاری ہے جن میں غیر ملکی بھی شامل ہیں۔
متعلقہ حکام نے روئٹرز کو بتایا کہ کشتی حادثے کے بعد مصری بحریہ اور فوج کے تعاون سے زندہ بچ جانے والوں کی تلاش کی ہر ممکن کوششیں جاری ہیں۔
مصری میڈیا کے مطابق موسمیاتی اتھارٹی نے بحیرہ احمر اور بحیرہ روم میں خراب موسم کی پیش گوئی کی تھی اور اتوار اور پیر کو تمام بحری سرگرمیوں کو معطل کرنے کا مشورہ دیا تھا۔ تاہم یہ واضح نہیں ہو سکا کہ خراب موسم کے باوجود کشتی کو روانگی کی اجازت کیسے دی گئی۔
یاد رہے کہ اس سے قبل آج ہی کے دن بحر ہند میں مڈاگاسکر کے ساحل کے قریب تارکین وطن کو لے جانے والی دو کشتیاں حادثے کا شکار ہوگئیں، جس کے باعث 22 صومالی شہری ہلاک ہوگئے۔
صومالیہ کے ایتھوپیا میں سفیر عبداللہ ورفا نے موگادیشو کے سرکاری ریڈیو کو دیے گئے بیان میں بتایا کہ بحر ہند میں مڈاگاسکر کے قریب الٹنے والی دو کشتیوں میں 70 صومالی شہری سفر کررہے تھے۔