ہفتہ, مئی 10, 2025
اشتہار

عید کے موقع پر کرونا وائرس کا مریض فرار ہو کر گھر پہنچ گیا

اشتہار

حیرت انگیز

قاہرہ: مصر میں کرونا وائرس کا ایک مریض عید کے موقع پر قرنطینہ سے فرار ہو کر گھر والوں سے ملنے کے لیے پہنچ گیا، اہل علاقہ نے پولیس کی اطلاع کردی جس کے بعد مریض کو دوبارہ اسپتال پہنچایا گیا۔

مقامی میڈیا کے مطابق مصر میں کرونا وائرس کا ایک مریض اپنے گھر والوں کے ساتھ عید منانے کے لیے اسپتال سے فرار ہوگیا، مصری پولیس نے 35 سالہ مفرور مریض کو گرفتار کر کے دوبارہ اسپتال پہنچا دیا۔

مذکورہ شہری کے رشتہ دار اور احباب کرونا وائرس کے مریض کے گھر پہنچنے کے بعد حیران رہ گئے، مریض کا تعلق ملک کے شمالی صوبے البحیرہ کے شہر الدلنجات سے ہے۔

کرونا وائرس کے مذکورہ مریض کے فرار کی خبر نے پورے شہر میں خوف و ہراس پھیلا دیا، الدلنجات شہر کے میئر کامل غطاس کا کہنا ہے کہ مریض کو خصوصی ایمبولینس کے ذریعے دوبارہ اسپتال پہنچا دیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ مریض بہت کم وقت کے لیے گھر میں رہا کیونکہ علاقے کے تمام لوگ خوفزدہ ہوگئے تھے، متعدد افراد نے مذکورہ مریض کو اسپتال سے فرار ہو کر گھر آتے دیکھ کر پولیس کو اطلاع کردی تھی۔

شہر کی میڈیکل ٹیموں نے ان تمام لوگوں کا کرونا ٹیسٹ لینا شروع کردیا ہے جن سے مذکورہ مریض چند لمحے کے لیے ملا تھا۔

مصر میں اس سے قبل بھی کرونا وائرس کے مریضوں کے قرنطینہ سے فرار ہونے کے متعدد واقعات پیش آچکے ہیں، اس سے قبل بھی ایک مریض قرنطینہ سے فرار ہو کر اپنے چچا کے جنازے میں پہنچ گیا تھا۔

مریض نے نماز جنازہ کے موقع پر کئی لوگوں سے مصافحہ بھی کیا اور کئی ایسے بھی تھے جنہوں نے اسے گلے لگا کر دلاسہ دیا، بعد ازاں پولیس کی مدد حاصل کرتے ہوئے فرار ہونے والے مریض کو گرفتار کر کے دوبارہ قرنطینہ میں داخل کروا دیا گیا۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں