قاہرہ: مصر میں کرونا ویکسین نہ لگوانے والوں کے لیے بری خبر ہے، ایسے افراد سرکاری خدمات سے محروم رہیں گے۔
تفصیلات کے مطابق مصر کی وزارت صحت کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ملک میں رہنے والے تمام بالغ افراد کو کرونا ویکسین کی ڈوز ہر صورت میں لینا ہوگی۔
وزارت صحت نے خبردار کیا کہ ویکسینیشن نہ کروانے والوں کو صحت اور تعلیم کے میدان میں سروسز کے حق سے محروم ہونا پڑے گا، ترجمان وزارت صحت حسام عبدالغفار نے بتایا کہ حکومت کے اس فیصلے کا اطلاق 18 سال سے زائد عمرکے تمام شہریوں پر ہوگا۔
مصری یونیورسٹیز کی سپریم کونسل نے تصدیق کی ہے کہ کرونا ویکسین کی ڈوز نہ لینے والے طلبہ کو کسی بھی قسم کا امتحان دینے کے لیے یونیورسٹی کے کیمپس میں داخلے سے روک دیا جائے گا۔ جب کہ طبی بنیادوں پر کرونا ویکسین سے استثنیٰ لینے والے افراد کو ہر تین دن بعد پی سی آر ٹیسٹ کرانا پڑے گا۔
اس سے قبل سرکاری محکموں میں ملازمین کو دفاتر میں جانے سے روک دیا گیا تھا اور انھیں کہا گیا تھا کہ کرونا ویکسین کی کم از کم ایک ڈوز لینے والے ہی دفاتر میں داخل ہو سکتے ہیں۔
مصری وزارت صحت کے مطابق ملک میں کرونا ویکسین کی 118 ملین ڈوز کا انتظام کیا جا چکا ہے جب کہ ابھی 55 ملین افراد کو ویکسین لگائی گئی ہے۔