تازہ ترین

نوجوان ایک ہی جھٹکے میں ارب پتی کیسے بن گیا؟ دلچسپ پوسٹ وائرل

برسلز : نجی کمپنی کیلئے معمولی اجرت پر کام کرنے والا نوجوان بیٹھے بٹھائے ارب پتی بن گیا، خبر ملنے پر اس کی خوشی کا کوئی ٹھکانہ نہ رہا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق بیلجیئم میں کام کرنے والا مصری نوجوان اچانک ارب پتی بن گیا، ایک کمپنی نے اس کے اکاؤنٹ میں7 لاکھ 60 ہزار یورو (14 ملین مصری پونڈ) منتقل کردیئے۔

مقامی میڈیا نے مصری سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی پوسٹ کے حوالے سے کہا ہے کہ بیلجیم کی ایک کمپنی میں معمولی تنخواہ پر ترجمے کا کام کرنے والے مصری نوجوان کی اس وقت خوشی کی انتہا نہ رہی جب اسے اپنے اکاؤنٹ میں 14 ملین مصری پونڈ کی موجودگی کا انکشاف ہوا۔

مصر سے تعلق رکھنے والے نوجوان جاد الرب نے اپنی پوسٹ میں بتایا کہ وہ بلیجیم کی ایک کمپنی میں بحیثیت ترجمان ملازمت کرتا تھا جہاں وہ مختلف مواد کا ترجمہ کیا کرتا تھا۔

نوجوان نے بتایا کہ اس نے مذکورہ کمپنی کو اپنے ترجمہ کیے گئے مواد کا بل ارسال کیا تھا جو کہ معمولی سی رقم تھی مگر یہ دیکھ کر میرے اوسان ہی خطا ہوگئے کہ کمپنی نے اس بل کی ادائیگی کے مطالبے پر7 لاکھ 60 ہزار یورو جوکہ 14 ملین مصری پونڈ کے مساوی تھے میرے اکاؤنٹ میں منتقل کردیئے۔

اپنے اکاؤنٹ میں غیر متوقع طور پر اتنی خطیر رقم دیکھ کر میں نے فوری طور پر کمپنی سے رابطہ کیا جنہوں نے اپنی غلطی کا اعتراف کرتے ہوئے رقم لوٹانے کی درخواست کردی۔

نوجوان کا مزید کہنا تھا کہ میں نے فوری طور پر رقم کمپنی کو لوٹا دی، میرے لیے یہی کافی تھا کہ میں ارب پتی لوگوں میں شامل ہو گیا اگرچہ محض 24 گھنٹے کے لیے ہی ہوا۔

سوشل میڈیا پر مصری نوجوان نے رقم لوٹائے جانے کی تصاویر اپ لوڈ کرتے ہوئے لکھا کہ اتنی خطیر رقم کا میں تصور بھی نہیں کرسکتا تھا تاہم میں اپنے ضمیر کا سودا نہیں کرنا چاہتا۔

نوجوان کی ایمانداری پر سوشل میڈیا میں اسے زبردست داد و تحسین دی جارہی ہے جس نے خطیر رقم کو ان کے مالکان تک لوٹا دی۔

Comments

- Advertisement -