ہفتہ, جولائی 27, 2024
اشتہار

مصر میں لوگوں کی قوت خرید کیوں کم ہو گئی؟

اشتہار

حیرت انگیز

قاہرہ: مصر میں لوگوں کی قوت خرید تشویش ناک حد تک کم ہو گئی ہے، اور بتایا جا رہا ہے کہ مصر دوسرا لبنان بننے جا رہا ہے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق مصر کا اقتصادی بحران بڑھتا جا رہا ہے، مصری پاؤنڈ کی قدر میں کمی کی وجہ سے بہت سے متوسط طبقے کے مصری باشندے بھی اب پہلے کی طرح اشیائے خوردو نوش کی خریداری نہیں کر سکتے۔

اکتوبر کے آخر سے مصر کی کرنسی کی قدر میں تقریباً ایک تہائی کمی واقع ہوئی ہے اور افراط زر اس وقت 20 فی صد سے زیادہ ہے، ماہرین اقتصادیات کو شبہ ہے کہ حالات اس سے بھی بدتر ہو سکتے ہیں۔

- Advertisement -

مصر میں عوام کو جس تباہ کن معاشی بحران کا اس وقت سامنا ہے بالکل ایسے ہی مسائل سے 2019 میں لبنانی باشندے دو چار تھے۔

کینیڈا کی سائمن فریزر یونیورسٹی سے منسلک پروفیسر رابرٹ اسپرنگ برگ نے 2022 میں واشنگٹن میں قائم ایک این جی او پراجیکٹ آن مڈل ایسٹ ڈیموکریسی (POMED) کی ایک رپورٹ میں لکھا کہ ’’لبنان کی انتہائی ناکام معیشت اور مصر کی جدوجہد کے درمیان قابل ذکر مماثلتیں پائی جاتی ہیں۔‘‘

مصر ہمیشہ سے ایک پسندیدہ سیاحتی مقام رہا ہے، لیکن کرونا کی وبا نے گزشتہ سالوں کے دوران اس کے شعبہ سیاحت کو تباہ کر دیا ہے، یوکرین جنگ کی وجہ سے بھی مصری معیشت کو بڑا دھچکا لگا، اور مصر کو گندم کی سپلائی میں بڑی رکاوٹ آ گئی۔

واضح رہے کہ مصر کو اپنی بقا کے لیے غیر ملکی قرضوں پر انحصار بہت زیادہ بڑھانا پڑا ہے، مصر پر 155 بلین ڈالر سے زیادہ کا قرض ہے، اور اس کی قومی آمدنی کا تقریباً ایک تہائی حصہ اس غیر ملکی قرضے کی ادائیگی پر جاتا ہے۔

ماہرین کے مطابق مصر میں غربت کی جو سطح ہے قریب یہی سطح لبنان کی غربت کی بھی ہے، مصر میں غربت کی سطح 60 فی صد ہے اور مصری باشندے خط غربت پر یا اس کے قریب زندگی گزار رہے ہیں۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں