لاہور: احسان مانی بلا مقابلہ چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ منتخب ہوگئے ہیں۔ احسان مانی اس سے قبل انٹرنیشل کرکٹ کاؤنسل آئی سی سی کے صدر بھی رہ چکے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق احسان مانی پاکستان کرکٹ بورڈ کے نئے چیئرمین منتخب ہوگئے۔ وہ اس عہدے کے لیے بلا مقابلہ منتخب ہوئے ہیں۔
احسان مانی صوبہ پنجاب کے شہر راولپنڈی میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے راولپنڈی کلب اور گورنمنٹ کالج لاہور کی ٹیم سے کرکٹ کھیلنے کا آغاز کیا۔ بعد ازاں اعلیٰ تعلیم کے لیے وہ برطانیہ چلے گئے۔
شعبے کے لحاظ سے احسان مانی چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ ہیں۔ عملی شعبے میں انہوں نے آئی سی سی کی بے شمار کمیٹیوں کی سربراہی کی ہے جبکہ مختلف عہدوں پر فائز رہے ہیں۔
نو منتخب چیئرمین احسان مانی پی سی بی کے 30 ویں چیئرمین ہیں اور وہ اگلے 3 سال تک اس عہدے پر فائز رہیں گے۔
خیال رہے کہ احسان مانی کو وزیر اعظم عمران خان نے چیئرمین پی سی بی کے عہدے کے لیے نامزد کیا تھا۔
اس سے قبل بورڈ کے چیئرمین نجم سیٹھی تھے جنہوں نے وزیر اعظم عمران خان کی حلف برداری کے بعد اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔