لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ نے بھارت سے سیکیورٹی کی تحریری یقین دہانی کا مطالبہ کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق چئیرمین پی سی بی احسان مانی نے آج میڈیا سےگفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کرکٹر، آفیشل، اور شائقین کے ویزوں اور سیکیورٹی کی یقین دہانی کرائے۔
احسان مانی کا کہنا تھا یقین دہانی نہ کرائی گئی تو ہم ورلڈ کپ وینیو تبدیلی کا مطالبہ کریں گے، ہم نے آئی سی سی سے بھارت سے تحریری گارنٹی لے کر دینے کا کہا ہے۔
چیئرمین کرکٹ بورڈ نے کہا بھارت نے آئی سی سی کو اس سلسلے میں دسمبر میں بتانا تھا، لیکن تاحال نہیں بتایا گیا، اگر گارنٹی نہ ملی تو یو اے ای میں ٹی 20 ورلڈ کپ کا کہیں گے۔
پی سی بی چیئرمین نے کہا ستمبر میں میری مدت مکمل ہو رہی ہے، اگر کام جاری رکھنے کا کہا گیا تو دیکھوں گا، وسیم خان اہم کام کر رہے ہیں، میں چاہتا ہوں کہ انھیں 3 سال کی توسیع ملے۔
پی ایس ایل ترانے سے متعلق انھوں نے بتایا کہ یہ سب کی مشاورت سے تیار کیا گیا ہے، بہت کم لوگ ہیں جنھیں پی ایس یل ترانہ پسند نہیں آیا۔