لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی کا کہنا ہے کہ 13 سال بعد سری لنکن ٹیم کی پاکستان آمد سے عالمی کرکٹ کے راستے کھلیں گے، ٹیم کی آمد سے دنیا کو پیغام جائے گا کہ پاکستان محفوظ ملک ہے۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ احسان مانی کا کہنا ہے کہ سری لنکن ٹیم کی پاکستان آمد خوش آئند ہے، 13 سال بعد سری لنکن ٹیم کی پاکستان آمد سے عالمی کرکٹ کے راستے کھلیں گے۔
احسان مانی کا کہنا تھا کہ سری لنکن ٹیم کی آمد سے دنیا کو پیغام جائے گا پاکستان محفوظ ملک ہے، پاکستان سری لنکا کرکٹ سیریز شیڈول کے مطابق ہو رہی ہے۔ ثابت ہوگیا پاکستان اور سری لنکن بورڈز میں کتنے گہرے تعلقات ہیں۔
انہوں نے کہا کہ امن و امان کا کریڈٹ قانون نافذ کرنے والے اداروں کو جاتا ہے، کرکٹ کی واپسی میں پاک فوج، رینجرز اور پولیس کا اہم کردار ہے۔ پاکستان میں کرکٹ کی واپسی میں پی ایس ایل کا بڑا کردار ہے۔ پاکستان نے ہمیشہ ہی سری لنکا کو سپورٹ کیا ہے۔
احسان مانی کا کہنا تھا کہ سری لنکن ٹیم پر لاہور میں حملہ ہوا تھا اس کے باوجود وہ پاکستان آرہی ہے، پی سی بی اور سری لنکن بورڈ کے روابط بہت پرانے ہیں۔ سری لنکن ٹیم کو ٹیسٹ کیپ دلانے میں پاکستان کا اہم کردار تھا۔ کولمبو واقعے کے 10 روز بعد بھی ہماری انڈر 19 ٹیم سری لنکا گئی تھی۔
انہوں نے مزید کہا کہ پہلے دن کہا تھا کہ کرکٹ کے لیے بھارت کے پیچھے نہیں بھاگوں گا، اگر بھارت کو ہم سے کرکٹ کھیلنی ہے تو کھیلے۔ سی ای او کرکٹ انگلینڈ بورڈ ڈائریکٹر کے ساتھ آرہے ہیں۔ ہم آج ایک قدم اٹھائیں تو 2 سے 3 سال میں منزل تک پہنچیں گے۔