کراچی: پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی کا کہنا ہے کہ سرفراز احمد ورلڈ کپ تک ٹیم کے کپتان ہوں گے، آئندہ پی ایس ایل کے تمام میچز پاکستان میں کروانے کی کوشش کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ احسان مانی نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ بورڈ کے معاملات شفاف ہوں گے، پی سی بی میں تبدیلیاں آئیں گی۔ ہمیں بہت کچھ ٹھیک کرنا ہے۔
احسان مانی کا کہنا تھا کہ نجم سیٹھی نے لیگل نوٹس دیا جس کا انہیں جواب دے چکے ہیں، گزشتہ پیٹرن ان چیف نے 2 لوگوں کو فائز کیا تھا وہ مستعفی ہوچکے۔ جسٹس قیوم رپورٹ پر لاہور میں سوال اٹھایا گیا تھا، بہت کم لوگ ہیں جنہوں نے یہ رپورٹ پڑھی ہے۔
انہوں نے کہا کہ محسن حسن خان اچھے کرکٹر تھے، کپتان پر تنقید محسن حسن خان نے سال پہلے کی تھی۔
چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ سرفراز احمد ٹیم کے کپتان ہیں، سرفراز کا تنازعہ میڈیا نے کھڑا کیا۔ وہ ورلڈ کپ تک ٹیم کے کپتان ہوں گے۔
پاکستان سپر لیگ کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل کا فائنل انشا اللہ کراچی میں ہوگا۔ آئندہ پی ایس ایل کے تمام میچز پاکستان میں کروانے کی کوشش کریں گے۔ باہر کے پلیئرز کے یہاں آکر کھیلنے سے دیگر کھلاڑیوں کو سپورٹ ملتی ہے، نامور کھلاڑی پاکستان آئیں گے اور بہت اچھی خبریں ملیں گی۔
احسان مانی نے کہا کہ پی ایس ایل، پی سی بی کے تحت ہوگا کوئی اپنا بزنس نہیں کرے گا۔ بھارت سے کرکٹ سے متعلق بات چیت چل رہی ہے۔ بھارت میں انتخابات ہو رہے ہیں اس لیے سرد مہری ہے۔ ’انتخابات کی وجہ سے کرکٹ کے معاملات بھی سیاسی ہوجاتے ہیں‘۔
انہوں نے کہا کہ نیشنل اسٹیڈیم پر بہت پیسہ خرچ ہو رہا ہے بڑے میچز یہاں ہوں گے، جو کرکٹرز کراچی سے آئے ان کا متبادل نہیں ہے۔ کراچی کرکٹ کی نرسری ہے یہاں سے بہترین پلیئرز دیے گئے۔
چیئرمین کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ 8 اسٹیڈیم چلا رہا ہے، دنیا میں کوئی ایک بورڈ بتا دیں جو 8 اسٹیڈیم چلا رہا ہو۔