متحدہ عرب امارات میں عیدالاضحیٰ 9 جولائی بروز ہفتہ ہونے کا امکان ہے۔
ہجری قمری کیلنڈر میں اسلامی مہینے کے آغاز کا تعین چاند کی شرعی رویت سے ہوتا ہے تاہم فلکیاتی حسابات کی بنیاد پر ممکنہ تاریخوں کی پیش گوئی کی جا سکتی ہے۔
ابوظہبی خلائی رصد گاہ الصدیم آبزرویٹری کے مطابق اسلامی مہینے ذی الحجہ کے چاند کی پیدائش 29 جون بروز بدھ کو ہوگی جو ذی القعدہ کے آخری دن ہوگا۔
چنانچہ 30 جون بروز جمعرات ذی الحجہ کا پہلا دن ہوگا۔ 9 جولائی بروز ہفتہ عید الاضحیٰ کا پہلا دن ہونے کا امکان ہے۔
اس لحاظ سے جمعہ 8 جولائی کو اسلامی کلینڈر کا سب سے اہم اور مقدس دن یومِ عرفہ منایا جائے گا۔ یہ حج ایام کے اہم ترین تین دنوں میں سے دوسرا دن ہوگا اور اس کے اگلے روز عیدالاضحیٰ منائی جائے گی۔
عیدالفطر کی طرح عیدالاضحٰی پر بھی شہریوں کو چھٹیوں کا لانگ ویک اینڈ ملنے کا امکان ہے۔