کراچی: واٹس ایپ اور فیس بک گروپس کے ذریعے قربانی کے سستے جانور لینے والے ہوشیار ہو جائیں، ایف آئی اے نے نوسرباز گروہ سے خبردار کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق ملک میں قربانی کے سستے اور پرکشش جانور ہوم ڈیلیوری کے جھانسے کے ساتھ فروخت کرنے والے نوسر باز سرگرم ہو گئے ہیں۔
ایف آئی اے نے سوشل میڈیا پر قربانی کے جانوروں کی خرید و فروخت سے عوام کو خبردار کر دیا، ادارے کا کہنا ہے کہ فیس بک اور واٹس اپ گروپ پر قربانی کے جانوروں کی فروخت پر عوام محتاط رہیں۔
اس سلسلے میں ایف آئی اے نے نوسر باز گروہوں سے خبردار کرنے کی ایک مہم شروع کر دی ہے، جس میں بتایا گیا ہے کہ جعل ساز سوشل میڈیا پر قربانی کے جانوروں کی پرکشش قیمت دکھاتے ہیں۔
ایف آئی اے کے مطابق سستے جانور کے حصول میں شہری رقم ایزی پیسہ کرتے ہیں، جانور ہوم ڈیلوری کے چارجز علیحدہ وصول کیے جاتے ہیں، جعل ساز ایڈوانس رقم لے کر بکنگ کے جانور کی پکچر واٹس اپ کر دیتے ہیں، تاہم اس کے بعد وہ ہر قسم کا رابطہ منقطع کر دیتے ہیں۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق آگاہی کا مقصد آن لائن فراڈ کو روکنا اور عوام میں شعور بیدار کرنا ہے، اس سلسلے میں ایک ویڈیو بھی جاری کی گئی ہے، جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ نوسرباز کیسے دھوکا دیتے ہیں۔