لاہور: حکومت نے عید الفطر کے تینوں دن بجلی کی لوڈ شیڈنگ نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق حکومت نے پاور ڈسٹری بیوشن کمپنیوں سے بجلی کی طلب اور رسد کی تفصیلات طلب کی ہیں، تینوں دن لوڈ شیڈنگ نہیں کی جائے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ عید پر بجلی کی لوڈ شیڈنگ ختم کرنے کے احکامات وزیر اعظم شہباز شریف نے دیے، لوڈ شیڈنگ نہ ہونے کو یقینی بنانے کے لیے تمام پاور جنریشن کمپنیوں کو مطلوبہ تیل اور گیس فراہم کرنے کی ہدایت بھی جاری کر دی گئی ہے۔
خیال رہے کہ تیل اور گیس کی قلت کے باعث متعدد پاور پلانٹس سے بجلی کی پیداوار میں کمی آئی، ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ عید پر بجلی کی لوڈ شیڈنگ کنٹرول نہ کرنے والوں کے خلاف کارروائی ہوگی۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز وزارت توانائی نے کہا تھا کہ یکم مئی (آج) سے بجلی پیداوار میں تقریباً 2 ہزار میگا واٹ اضافہ ہوگا، اور ملک کے زیادہ تر علاقوں میں لوڈ شیڈنگ 50 فی صد کم ہو جائے گی، بتایا گیا کہ بجلی کی لوڈ شیڈنگ میں بتدریج کمی ہوگی، وزیر اعظم نے اپنے وعدے کی تکمیل شروع کر دی ہے۔
وفاقی وزیر پانی و بجلی خرم دستگیر کا کہنا تھا کہ جب وزیر اعظم کو بریفنگ دی گئی تو بجلی کی طلب کا تخمینہ 20 ہزار میگا واٹ لگایا گیا تھا، لیکن ہیٹ ویو کی وجہ سے بجلی طلب کا تخمینہ اب 23 ہزار میگا واٹ لگایا گیا ہے۔
انھوں نے کہا تھا کہ یکم مئی بجلی کی لوڈ شیڈنگ ختم نہیں ہوگی، بہتری آنا شروع ہوگی، وزارت پٹرولیم سے 45 ہزار ٹن ایندھن فرنس آئل، آر ایل این جی مانگا ہے، مئی کے مہینے میں ایندھن وافر مقدار میں ہمارے پاس موجود ہوگا۔