لاہور: وزیر اعلیٰ مریم نواز کی ہدایت پر صوبے بھر میں اسپیشل طلبہ کو عید گفٹ کی فراہمی کا آغاز کر دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب میں وزیر اعلیٰ کی ہدایت پر خصوصی طلبہ کو عید پر تحائف دیے جا رہے ہیں، جس کا آغاز ہو گیا ہے۔ عید کی تعطیلات سے قبل 40 ہزار بچوں کو عید گفٹ پیش کرنے کا ہدف پورا کیا جائے گا۔
اس سلسلے میں وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا اسپیشل بچوں کو عید گفٹ دے کر خوشیوں میں شریک کرنا چاہتے ہیں، اسپیشل بچوں کو خوش دیکھنا بہت بڑی خوشی ہے۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ اسپیشل بچوں کے لیے پنجاب بھر میں نئے اور منفرد پراجیکٹ لائے جا رہے ہیں۔
آغوش پروگرام: کن خواتین کو 23 ہزار روپے ملیں گے؟
واضح رہے کہ وزیر اعلیٰ مریم نواز نے اپنی نوعیت کا پہلا اور منفرد ”آغوش“ پروگرام بھی شروع کیا ہے، جس کے تحت 2 سال سے کم عمر بچوں کی ماؤں اور حاملہ خواتین کو 23 ہزار روپے ملیں گے۔
آغوش پروگرام کے تحت پہلے مرحلے میں 13 اضلاع میں نومولود بچوں کی ماؤں اور حاملہ خواتین کو امداد ی رقم ملے گی، جس کا آغاز ڈیرہ غازی خان، تونسہ، راجن پور، لیہ، مظفر گڑھ اور کوٹ ادو سے ہو گیا ہے، جب کہ بہاولپور، رحیم یارخان، بہاؤلنگر، بھکر، میانوالی، خوشاب اور لودھراں بھی آغوش پروگرام میں شامل ہیں۔