پاکستان میں شوال المکرم کا چاند نظر آگیا ہے اور کل بروز پیر عیدالفطر منائی جائے گی۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں صوبائی دارالحکومتوں اور دیگر شہروں میں عید کا چاند دیکھا گیا۔ انسانی آنکھ سے شہریوں نے خود چاند دیکھا۔
چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں مولانا عبدالخبیر کی زیرصدارت ہوا جس میں ملک بھر سے ملنے والی شہادتوں کی روشنی میں عید کا چاند نظر آنے کا اعلان کیا گیا۔
چیئرمین ابوالخبیر آزاد نے کہا کہ شوال کا چاند نظر آگیا ہے اور پاکستان بھر میں عید الفطر کل منائی جائےگی، اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہیں کہ پاکستان جیسی نعمت ملی سب مل کر پاکستان کی خوشحالی اور ترقی کےلیے دعا کریں۔
انہوں نے کہا کہ افواج پاکستان ہمارے ملک کےدفاع کےلیے بھرپور کردار کر رہی ہیں دعا کریں کہ دہشت گردی کےخلاف افواج پاکستان کامیاب ہوں، اپنی دعاؤں میں پاک افواج کے شہدا کو یاد رکھیں۔
وزارت مذہبی امور نے شوال کا چاند نظر آنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے جس کے مطابق شوال کا چاند نظر آنے پر کل عیدالفطر ہونے کا اعلان کیا گیا ہے۔
ترجمان سپارکو کے مطابق غروب آفتاب کیلئے چاند کی بلندی 14ڈگری ہو گی، چاند اور سورج کا زاویہ فاصلہ 16 ڈگری ہو گا اور غروب آفتاب کے وقت چاند کی عمر تقریباً 27 گھنٹے ہو گی۔ گزشتہ روز 3 بجکر 58 منٹ پر چاند کی پیدائش ہو چکی تھی۔