پیر, مئی 12, 2025
اشتہار

مسافروں کے لیے عید اسپیشل ٹرینوں سے متعلق بڑی خوش خبری

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی: محکمہ ریلوے نے اپنا فیصلہ بدلتے ہوئے عید اسپیشل ٹرینیں چلانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق اے آر وائی نیوز کی خبر کا اثر سامنے آ گیا، محکمہ ریلوے نے عید کے موقع پر کراچی اور راولپنڈی سے عید اسپیشل ٹرینیں چلانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ محکمہ ریلوے کی جانب سے عید اسپیشل ٹرینیں نہ چلانے کی وجہ سے ہزاروں مسافروں شدید پریشانی کا شکار ہو گئے تھے، تاہم اے آر وائی ہزاروں مسافروں کی آواز بنا، اور اب فیصلے کے مطابق ریلوے عید پر تمام ٹرینوں میں اضافی کوچز لگا رہا ہے اور عید اسپیشل ٹرینیں بھی چلا رہا ہے۔

تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ محکمہ ریلوے کے پاس مسافر کوچز کی کمی کی وجہ سے کراچی سے صرف ایک عید اسپیشل ٹرین چلائی جائے گی، اور عید اسپیشل ٹرینوں میں اے سی بوگیوں کی کمی کی وجہ سے صرف اکانومی کلاس کی کوچز لگائی جا رہی ہیں۔

ذرائع کے مطابق ہزاروں مسافروں کے لیے صرف 11 بوگیوں پر مشتمل عید اسپیشل ٹرین چلائی جائے گی، جب کہ ریلوے انتظامیہ نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر عوام کی سہولت کے لیے اضافی رش کے پیش نظر 2 عید اسپیشل ٹرینیں چلانے کا فیصلہ کیا۔

ترجمان ریلوے کے مطابق پہلی عید اسپیشل ٹرین کراچی سٹی سے 19 جولائی کو دوپہر 1 بجے روانہ ہو کر راولپنڈی پہنچے گی، دوسری عید اسپیشل ٹرین راولپنڈی سے 24 جولائی کو دن 11 بجے روانہ ہو کر کراچی سٹی ریلوے اسٹیشن پہنچے گی۔

اس سے قبل ریلوے نے پہلی بار عید الاضحیٰ کے موقع پر عید اسپیشل ٹرینیں نہ چلانے کا فیصلہ کیا تھا، ترجمان ریلوے کا کہنا تھا کہ عید پر معمول کی ٹرینوں کے ساتھ دو، دو اضافی کوچز کی تجویز زیر غور ہے، کیوں کہ ملت ایکسپریس حادثے کی وجہ سے محکمہ ریلوے کو بوگیوں کی کمی کا سامنا ہے۔

ترجمان ریلوے کے مطابق ملت ایکسپریس حادثے کے بعد ایگزامنرز نے بوسیدہ بوگیوں کی کلیئرنس بند کر دی ہے، ملت ایکسپریس حادثے میں ایک ٹرین ایگزامنر کو معطل کیا جا چکا ہے، محکمہ ریلوے کے پاس موجود 400 سے زائد بوسیدہ بوگیوں کو زبردستی چلایا جا رہا تھا۔

تاہم دوسری جانب عید پر اسپیشل ٹرینیں نہ چلانے کے فیصلے سے مسافروں کو شدید پریشانی لا حق ہوئی، اس فیصلے کے بعد بس والوں نے کرایوں میں بھی اضافہ کر دیا تھا، اور عید پر آبائی علاقوں میں جانے والے پردیسی بکنگ آفس پر پریشانی کا شکار نظر آئے۔

اہم ترین

انجم وہاب
انجم وہاب
انجم وہاب اے آر وائی نیوز سے وابستہ ہیں اور تجارت، صنعت و حرفت اور دیگر کاروباری خبریں دیتے ہیں

مزید خبریں