کراچی : عید الاضحیٰ کے موقع پر کراچی پولیس نے مربوط سیکورٹی پلان ترتیب دے دیا ہے، شہر بھرمیں حساس اور پبلک مقامات کی کڑی نگرانی کی جائے گی۔
اس کے علاوہ سندھ میں بلا اجازت قربانی کی کھالیں جمع کرنا غیر قانونی قرار دے دیا گیا ہے، خلاف ورزی کرنے والوں کیخلاف مقدمات درج کیے جائیں گے۔
شہر بھرکی مساجد اور امام بارگاہوں میں نمازعید کے موقع پر سیکورٹی کے سخت ترین انتظامات کیے گے ہیں۔
28400 سے زائد پولیس ایلکار ڈیوٹی پر مامور کیے گئے ہیں، کسی بھی نا خوشگوار واقعے کی روک تھام کیلئے داخلی اور خارجی راستوں کی کڑی نگرانی کی جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ کو عیدالاضحیٰ سیکیورٹی پلان پر مشتمل رپورٹ پیش کردی گئی. آئی جی سندھ نے عید الاضحیٰ کے موقع پر پولیس کو ہدایات جاری کی ہیں کہ چرم قربانی کو اکٹھا کرنے, انکی ترسیل وتقسیم کے حوالے سے ضابطہ اخلاق پر عمل درآمد کے ساتھ ساتھ دفعہ 144 کے تحت عائد پابندیوں پر بھی عمل درآمد کو انتہائی غیر جانبداری سے یقینی بنایا جائے۔
علاوہ ازیں مساجد, امام بارگاہوں, عیدگاہوں ودیگر کھلے مقامات سمیت اجتماعی قربانی کے مختلف مقامات پر بھی سیکیورٹی کے فول پروف اقدامات کیے جائیں تاکہ عوام کے جان ومال کی سلامتی کے مجموعی امور کو یقینی بنایا جاسکے۔
آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ نے کہا کہ عید الاضحیٰ سیکیورٹی کے مجموعی اقدامات ٹھوس اور غیر معمولی بنائے جائیں۔
اعلامیہ میں آئی جی سندھ نے پولیس افسران کو ہدایت دی ہے کہ کھالوں کی چھینا جھپٹی یا جبری وصولی کرنیوالے عناصر کے خلاف سخت قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے، قربانی کی کھالیں جمع کرنیوالوں کے پاس باقاعدہ اجازت ناموں کا ہونا ضروری ہے، بلااجازت کھالیں جمع کرنیوالوں کے خلاف مقدمات درج کیے جائیں۔
مددگار ون فائیو کال سینٹر کی اطلاع پر متعلقہ پولیس فوری ریسپانس کو یقینی بنائے، کھالوں کی ایک جگہ سے دوسری جگہ منتقلی پرمامور گاڑیوں کو سیکیورٹی فراہم کی جائے۔
پیٹرولنگ, اسنیپ چیکنگ, پکٹنگ کے عمل میں کڑی نگرانی کو یقینی بنایا جائے، ٹریفک پولیس بلا تعطل ٹریفک کی روانی کو یقینی بنائے۔
علاوہ ازیں کراچی پولیس کی رپورٹ کے مطابق کم و بیش 3143 مساجد, 207 امام بارگاہںوں, 34 اسماعیلی/ بوہری جماعت خانوں, 439 عیدگاہوں, اجتماعی قربانی کے 222 مقامات , کھالوں کو اکٹھا کرنے کے 794 کیمپس ودیگر مقامات پر 16150سے زائد پولیس افسران وجوان فرائض انجام دیں گے۔