جمعہ, جنوری 3, 2025
اشتہار

ماہ شوال: چاند نظر نہیں آیا، عید الفطر ہفتے کو ہوگی

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی : رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مفتی منیب الرحمان نے اعلان کیا ہے کہ ملک کے کسی بھی حصے سے شوال کا چاند نظر آنے کی کوئی قابل قبول شہادت موصول نہیں ہوئی لہذا کل تیسواں روزہ ہوگا جبکہ عید الفطر ہفتے کے روز ہوگی۔

تفصیلات کے مطابق مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس چیئرمین کمیٹی مفتی منیب الرحمان کی زیر صدارت کراچی میں ہوا جس میں ماہ شوال  1439 ہجری کا چاند نظر آنے یا نہ آنے سے متعلق شہادتوں کا جائزہ لیا گیا۔

کراچی کے علاوہ دیگر صوبائی اور ضلعی علاقوں میں رویت ہلال کی کمیٹیوں کا اجلاس متعلقہ دفاتر میں منعقد ہوا جہاں علماء کرام کی موجودگی میں شہادتیں جمع کرنے کے لیے کنٹرول روم بھی قائم کیے گئے اور موصول ہونے والی شہادتوں کو مرکزی کابینہ کی طرف بھیجا گیا۔

- Advertisement -

مفتی منیب الرحمان کی سربراہی میں ہونے والے اجلاس میں ماہرین فلکیات، نیو افسران سمیت وزارت مذہبی امور کے نمائندے اور رویت ہلال کمیٹی کے دیگر اراکین بھی موجود تھے۔

اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مفتی منیب الرحمان نے اعلان کیا کہ ملک کے کسی بھی حصے سے شوال کے رویت کی کوئی قابل قبول شہادت موصول نہیں ہوئی لہذا کل تیسواں روزہ ہوگا اور  پاکستان میں عید الفطر 16 جون بروز ہفتے کو منائی جائے گی۔

اس سے قبل ریسرچ ہلال کونسل نے چاند نظر آنے کے کم امکانات ظاہر کیے تھے جبکہ محکمہ موسمیات کا کہنا تھا کہ شوال کےچاندکی پیدائش14جون رات 12بجے ہوئی اور  شام تک اس کی عمر 19گھنٹے 3منٹ ہوگی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق شہر قائد کا مطلع جزوی ابر آلود اور صاف ہے جس میں چاند آسانی کے ساتھ دیکھا جاسکے گا، غروب آفتاب کے بعد چاند دیکھنے کا دورانیہ 39 منٹ تک کا تھا۔

اجلاس سے قبل مفتی منیب الرحمان کا کہنا تھا کہ چاند نظر آنے یا نہ آنے کا حتمی اعلان رویت ہلال کمیٹی کرے گی، وقت ختم ہونے کے بعد میں ہی پورے ملک کے لیے اعلان کروں گا۔

اُن کا کہنا تھاکہ رویت ہلال کمیٹی کااجلاس بندکمرےمیں ہوگا،چاندکی رویت سےمتعلق اندازوں اورمفروضوں پر کوئی کان نہ دھرے ، تمام شہادتیں بھی بندکمرےمیں لی جائیں گی اور کسی کو کوئی خبرلیک کرنےکی اجازت نہیں دی جائے گی۔ مفتی منیب کا مزید کہنا تھاکہ شرعی اعتباز سے شہادتوں کے مطابق فیصلہ کیا جائے گا، میں مولوی ہوں نجومی نہیں جو ابھی سے چاند کا بتا دوں۔

ملک کے کسی بھی حصے سے چاند نظر آنے کی کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی، زونل کمیٹیوں کی جانب سے شہادتیں نہ ملنے کی اطلاع مرکزی رویت ہلال کمیٹی پہنچائی گئی جبکہ کراچی میں بھی چاند نظر نہیں آیا۔

خلیجی ممالک، انڈونیشیاء ، جاپان، امریکا سمیت مختلف ممالک میں شوال کا چاند نظر آگیا جس کے بعد وہاں کل مسلمان مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ عید الفطر منائیں گے علاوہ ازیں پڑوسی ملک بھارت میں چاند نظر نہ آنے کا اعلان کردیا گیا جس کے بعد وہاں عید 16 جون کو منائی جائے گی۔


خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں