اسلام آباد : عیدالفطر کے چاند کی رویت سے متعلق مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس 30 مارچ کو طلب کیا گیا ہے۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق عیدالفطر کے چاند سے متعلق مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس 30 مارچ کو اسلام آباد میں ہوگا، رویت ہلال کی دیگر زونل کمیٹیوں کے اجلاس اپنے مقررہ مقامات پر منعقد ہوں گے۔
اس حوالے سے محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ عیدالفطر 31 مارچ بروز پیر کو ہونے کا قوی امکان ہے۔
چاند نظر آنے یا آنے کے حوالے سے ترجمان محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شوال کے چاند کی پیدائش 29 مارچ کو 3 بج کر 58 منٹ پر ہوگی، غروب آفتاب کے بعد چاند 70 منٹ تک آسمان پر موجود رہے گا۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ 20 گھنٹے کی عمر کے چاند کو آنکھ سے براہ راست اور باآسانی دیکھا جاسکے گا، 30مارچ کو رویت کے وقت چاند کی عمر تقریباً 27 گھنٹے ہوگی۔
واضح رہے کہ اس سے قبل بین الاقوامی فلکیاتی مرکز نے بھی تصدیق کی تھی کہ شوال کا چاند 29مارچ بروز ہفتہ کو عرب اور اسلامی دنیا کے تمام خطوں میں نظر آنا ناممکن ہوگا اس کی وجہ یہ ہے کہ چاند سورج سے پہلے ڈوب جائے گا اور کنکشن غروب آفتاب کے بعد ہوگا۔
مذکورہ فلکیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے 29 مارچ کو ہلال عید کا مشاہدہ کرنا چاہے وہ آنکھ سے ہو، دوربینوں سے یا کسی اور ذریعے سے، وہ ناممکن ہو جائے گا۔
جن ممالک کو شوال کے آغاز کی تصدیق کے لیے حقیقی نظارے کی ضرورت ہوتی ہے ان کے لیے رمضان المبارک 30 دن تک بڑھنے کا امکان ہے، جس سے عید الفطر 31 مارچ پیر کو ہوگی۔
کچھ ممالک اپنے روایتی چاند دیکھنے کے طریقوں کی بنیاد پر 30 مارچ بروز اتوار کو عید الفطر کا اعلان کرنے کا انتخاب کر سکتے ہیں۔