کراچی / لاہور / ملتان : مختلف سیاسی رہنماؤں نے مختلف شہروں میں نماز عید ادا کی۔ قوم کو عید کی مبارکباد کے ساتھ کچھ سیاسی باتیں کیں اورنیک خواہشات کا اظہار کیا، جبکہ وزیر اعظم نواز شریف لندن ، سابق صدر آصف زرداری اور چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے دبئی میں نماز عید منا رہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق صدر ممنون حسین نے اسلام آباد کی شاہ فیصل مسجد میں نماز عید ادا کی، وہ ہیلی کاپٹر کے ذریعے شاہ فیصل مسجد پہنچے۔
وزیراعلی سندھ سید قائم علی شاہ نے نمازعید گڑھی خدا بخش لا ڑکا نہ میں ادا کی، اس کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہو ئے انہوں نے کہا کہ امجد صابری کے قاتلوں کے قریب پہنچ چکے ہیں ساتھ ہی انہوں نے چوہدری نثار کے انداز تخا طب کو غیر اخلاقی اور غیر پارلیمانی قرار دیا۔
وزیر قانون پنجاب رانا ثنا اللہ نے فیصل آباد میں عید کی نماز ادا کی۔ سابق وزیراعظم یوسف رضاگیلانی نے اپنے صاحبزادے علی گیلانی کے ہمراہ نماز عید ملتان کے دربار موسیٰ پاک میں ادا کی۔
اس موقع پران کا پیغام تھا کہ عید کی خوشیوں میں غریبوں کو بھی یادرکھیں، اغواکاروں کے چنگل سے آزادی پانے والےعلی گیلانی نےبھی خوشی کا اظہار کیا۔
قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اور پیپلز پارٹی کے رہنما سید خورشید شاہ نے اپنے آبائی شہر سکھرمیں نمازعید ادا کی، ان کا کہنا تھا کہ عید بیرون ملک کے بجائے اپنوں میں منانا چاہیئے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کے خلاف تحریک چلانے کا فیصلہ عید کے بعد اجلاس میں کیا جائے گا، گورنرسندھ ڈاکٹر عشرت العباد نےعید کی نماز کراچی کے پولو گراؤنڈ میں ادا کی۔ میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے ملک کے استحکام کیلئے خصوصی دعا کی۔
پی ٹی آئی کے مرکزی رہنما شاہ محمود قریشی نے ملتان میں شاہ رکن عالم کے دربار پر عید کے اجتماع میں نماز عید ادا کی اور ملکی سلامتی کی دعا کی۔
جے یو آئی ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے اپنے آبائی علاقے ڈی آئی خان میں عید کی نماز ادا کی ۔ اے این پی کے رہنما غلام بلور نے پشاور میں نماز عید ادا کی۔