لاہور : وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے عوام کو خوشخبری سناتے ہوئے عید کے دن ریلوے میں سفر کرنے والوں کے لیے آدھے ٹکٹ کا اعلان کردیا، اس حوالے سے نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر ریلویز شیخ رشید احمد کی جانب سے عید کے پُرمسرت موقع پر ریلوے مسافروں کے لیے بڑا اعلان کیا گیا ہے، جس کے مطابق عید کے پہلے روز پاکستان ریلوے کے ذریعے سفر کرنے والے مسافروں کو تمام ٹرینوں میں پچاس فیصد رعایت دینے کا کہا گیا ہے۔
اس حوالے سے محمکہ ریلوے کی جانب سے حکم نامہ بھی جاری کردیا گیا ہے، اسپیشل ٹرینوں کے علاوہ مسافروں کی مزید سہولت کے لیے مختلف ٹرینوں میں اضافی کوچز لگانے کا انتظام بھی کیا گیا ہے۔
جن ٹرینوں میں اضافی کوچز لگائی جائیں گی ان میں پاک بزنس ایکسپریس، کراچی ایکسپریس اور شاہ حسین ایکسپریس شامل ہیں۔
مزید پڑھیں : عیدالفطر پر اضافی رش : پاکستان ریلوے کا 5خصوصی ٹرینیں چلانے کا اعلان
واضح رہے کہ پاکستان ریلوے نے عید پر اضافی رش کے پیش نظر پانچ خصوصی ٹرینیں چلانے کا اعلان کردیا ہے ، وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کی خصوصی ہدایت پر چیف ایگزیکٹو آفیسر پاکستان ریلوے محمد آفتاب اکبرکی منظوری کے بعد باقاعدہ شیڈول جاری کیا گیا۔