ملک بھر میں آج عیدالفطر مذہبی جوش وجذبے کے ساتھ منائی جا رہی ہے شہروں قصبوں میں نماز عید کے روح پرور اجتماعات ہوئے۔
پاکستان بھر میں آج عیدالفطر مذہبی جوش وجذبے کے ساتھ منائی جا رہی ہے۔ ملک کے ہر شہر قصبے میں مساجد، عیدگاہوں اور کھلے مقامات پر نماز عید کے روح پرور اجتماعات ہوئے۔
نماز عید کے بعد ملک کی ترقی اور خوشحالی، قیام امن، عالمی امن، بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر، مقبوضہ فلسطین کی آزادی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں نماز عید کا سب سے بڑا اجتماع شاہ فیصل مسجد میں ہوگا۔ حکومتی شخصیات، غیر ملکی سفارت کاروں کے علاوہ ہزاروں شہریوں نے نماز عید ادا کی۔
کراچی میں نماز عید کا سب سے بڑا اجتماع ناظم آباد عیدگاہ میں ہوا۔ لاہور میں تاریخی بادشاہی مسجد میں ہزاروں افراد نے نماز عید ادا کی۔
نماز عید کے بعد لوگوں نے ایک دوسرے سے معانقہ کرکے عید کی مبارکباد پیش کی۔ شہریون کی بڑی تعداد رشتے داروں سے ملاقات جب کہ کئی افراد نے تفریحی مقامات کا رخ کر لیا ہے۔
دریں اثنا صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیر اعظم شہباز شریف نے عیدالفطر کے پرمسرت موقع پر پوری پاکستانی قوم کو دلی مبارکباد پیش کی ہے۔
اپنے الگ الگ پیغامات میں ان کا کہنا تھا کہ عید کا دن خوشی، شکر گزاری، بھائی چارے اور ہمدردی کا سبق دیتا ہے۔
صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ عید الفطر اتحاد اور یکجہتی کی اہمیت کا درس دیتی ہے، سب کو اتحاد کو فروغ دینے، ایک دوسرے کا ساتھ دینے اور پاکستان کو ترقی اور خوشحالی کی طرف لے جانے میں کردار ادا کرنے کی ترغیب دیتی ہے۔
انہوں نے مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کے لیے بھی دعا کی اور اللہ تعالی سے دعا کی کہ وہ انہیں آزادی عطا فرمائے اور انہیں جلد عید کی خوشیاں نصیب کرے۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں اس بات کو اجاگر کیا کہ پاکستان کو اس وقت اندرونی اور بیرونی دونوں دشمنوں سے خطرات کا سامنا ہے۔
انہوں نے ہر قسم کی انتہا پسندی، نفرت اور فرقہ واریت سے بچنے کی ضرورت پر زور دیا۔ ملک کی سالمیت اور استحکام کو یقینی بنانے کے لیے انہوں نے کسی بھی سازش کو کامیاب ہونے سے روکنے کے لیے اتحاد اور چوکس رہنے پر زور دیا۔
شہباز شریف نے کہا کہ حکومت معاشی بحالی، امن و امان برقرار رکھنے اور سماجی استحکام کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن کوشش کر رہی ہے۔
وزیراعظم نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں افواج پاکستان کی قربانیوں کو سراہتے ہوئے شہدا کے سوگوار خاندانوں سے اظہار یکجہتی بھی کیا۔
واضح رہے کہ آج بھارت، ایران، افغانستان سمیت خطہ کے کئی ممالک میں عیدالفطر منائی جا رہی ہے جب کہ سعودی عرب سمیت خلیجی، کئی یورپی، مغربی ممالک اور مشرق وسطیٰ میں گزشتہ روز عید منائی گئی۔