پشاور : گورنمنٹ ہائر سیکنڈری اسکول راشکئی کے آٹھ اساتذہ میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوگئی ، جس کے بعد تمام متاثرہ اساتذہ کو15 دن کی چھٹی پرگھربھیج دیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پشاور کے گورنمنٹ ہائر سیکنڈری اسکول راشکئی کے آٹھ اساتذہ میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوگئی جبکہ 2کلاس فور ملازمین بھی کوروناوائرس سے متاثر ہیں۔
ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر نے کہا ہے کہ تمام متاثرہ اساتذہ کو15 دن کی چھٹی پرگھربھیج دیا ہے تاہم اسکول میں تدریسی عمل سخت حفاظتی تدابیر کیساتھ جاری ہیں۔
گذشتہ روز ایس اوپیزکی خلاف ورزی پراسلام آباد میں رفاہ میڈیکل کالج اور ہوسٹل سیل کردیا گیا تھا ، ضلعی انتظامیہ کے مطابق کالج اور ہوسٹل سے کرونا کے سولہ سے زائد کیسز آنے پر وزارت نیشنل ہیلتھ سروس کی سفارش پر کالج کو سیل کیا گیا ہے، اس کی تصدیق نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر (این سی او سی) نے کی تھی۔
یاد رہے منگل کے روز پاکستان بھر کے اسکول ، کالج اور یونیورسٹیاں چھ ماہ دوبارہ کھل گئے تھے ، شفقت محمود نے وفاقی دارالحکومت کے ایک سرکاری اسکول کے دورے کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ تعلیمی مراکز کی انتظامیہ پر زور دیا گیا ہے کہ وہ معیاری آپریٹنگ طریقہ کار (ایس او پیز) پر سختی سے عمل درآمد کریں۔