ظفروال: نارروال کی تحصیل ظفر وال کے قریب ٹریفک حادٓثے میں اسکول کے بچوں سمیت 8 افراد جاں بحق ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق نارروال کی تحصیل ظفر وال کے قریب میں بجری سے بھرا ڈمپر ٹائر پھٹنے سے رکشے پر الٹ گیا جس کے نتیجے میں رکشے میں سوار 7 بچے اور ڈرائیور جاں بحق ہوگئے۔
رکشہ قصبہ مراڑہ سے آرہا تھا جس میں اسکول کے 13 بچے سوار تھے، حادثے میں 5 بچے موقع پر ہی دم توڑ گئے تھے جبکہ دیگر کو شدید زخمی حالت میں قریبی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں مزید دو بچے جانبر نہ ہوسکے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں 4 بچے، 3 بچیاں اور رکشہ ڈرائیور بھی شامل ہے۔
رپورٹ کے مطابق حادثے کا ذمہ دار ڈمپر ڈرائیورموقع سے فرار ہوگیا، وزیراعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدارنے انتظامیہ سے رپورٹ طلب کرلی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ڈمپر ڈرائیور رانگ سائیڈ سے تیز رفتاری سے اوور ٹیک کرتے ہوئے آرہا تھا، حادثے کے ذمہ دار ڈرائیور کے خلاف مقدمہ درج کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔