جمعہ, مئی 9, 2025
اشتہار

اعجاز چوہدری نے ٹی ایل پی سے تصادم میں پولیس شہادتوں کی انوکھی وجہ بتا دی

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: پی ٹی آئی سینیٹر اعجاز چوہدری نے تحریک لبیک سے تصادم میں پولیس شہادتوں کی انوکھی وجہ بتا دی ہے، انھوں نے کہا کہ جب پولیس والوں سے 24 گھنٹے ڈیوٹی لیں گے تو یہی حال ہوگا۔

تفصیلات کے مطابق سینیٹر اعجاز چوہدری نے اے آر وائی نیوز سے گفتگو میں کہا کہ پولیس والوں سے 24 گھنٹے ڈیوٹی لیں گے تو یہی حال ہوگا، 24 گھنٹے جگائے رکھنے کے بعد ایسی قوت کے سامنے لائیں گے تو ان کا کیا ہوگا۔

انھوں نے کہا پولیس والوں سے مجھے زیادہ ہمدردی ہے، جس پر اے آر وائی نیوز نے سوال کیا کہ آپ کو ہمدردی ہے تو کیا ان کے گھر گئے، انھوں نے جواب دیا جی نہیں، میں پولیس والوں کے گھر نہیں گیا۔ اعجاز چوہدری سے سوال کیا گیا کہ آپ اس معاملے میں پولیس والوں کے خاندانوں کو کیسے مطمئن کریں گے، انھوں نے جواب دیا میں نے پولیس افسران سے بات کی ہے، اب آپ اس پر بات نہ کریں۔

اعجاز چوہدری کا کہنا تھا کہ میں تو مسلسل کہتا رہا طاقت سے اس کا حل نہیں نکلے گا، فواد چوہدری کے حوالے سے سوال پر کہا کہ میں ان کا جواب نہیں دینا چاہتا کیوں کہ فواد چوہدری نے غیر مہذب زبان استعمال کی، ان کو سوچ سمجھ کر بولنا چاہیے ایسی زبان سے انتہا پسندی بڑھتی ہے، برائی کو بھلائی سے ہی دور کیا جا سکتا ہے۔

ایک سوال کے جواب میں اعجاز چوہدری نے کہا ہم مجبور ہو جاتے ہیں اس لیے ان سے بھی بات کرتے ہیں جو ناقابل قبول ہوں، میں نے ٹی ایل پی سے کسی سیاسی اتحاد کی بات نہیں کی ہے، سعدرضوی کو اپنی مرضی سے پھول دیے تھے۔

انھوں نے کہا بات چیت اورگفت و شنید ہی ہر مسئلے کا حل ہے، اے آر وائی نیوز نے اس پر سوال کیا کہ کیا اسی لیے آپ ٹی ٹی پی سے بھی بات چیت کر رہے ہیں؟ انھوں نے جواب دیا یہ ہماری مجبوری ہے، وہ سوسائٹی کا حصہ ہیں۔

اس سوال پر کہ کیا آپ پریانتھا کو جلانے والوں سے بھی یہی رویہ اپنائیں گے؟ انھوں نے جواب دیا آپ دونوں معاملات کو غلط ملا رہے ہیں۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں